کے سی آر پر عوام کو دھوکہ دینے کا الزام، ونپرتی میںپیدل یاترا سے محترمہ شرمیلا کا خطاب
ونپرتی۔ /10ستمبر( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)تلنگانہ اور آندھراپردیش ریاستوں میںآنجہانی چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے دور اقتدار میں 4فیصد تحفظات اقلیتوں کے لیے فراہم کئے گئے تھے۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ اقلیتوں کو 12فیصد تحفظات فراہم کرنے کا جھوٹا وعدہ کرکے دھوکہ دے رہے ہیں۔ان خیالات کااظہار وائی ایس آرپارٹی صدر محترمہ شرمیلا نے کیا ۔آج انہوں نے 2000 کلو میٹر کے پیدل یاترا مکمل کی۔ اس سلسلہ میں راجیو چوک ونپرتی میں عوام کے کثیراجتماع کو مخاطب کیا۔ اس موقع پر محترمہ شرمیلا نے کہا کہ آنجہانی وائی ایس آر 13سال قبل دنیا سے جانے کے باوجود ان کے ترقیاتی کام سے عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راج شیکھر ریڈی دنیا میں پہلے قائد ہیں جو غریب عوام کی طبی سہولیات کے لیے آروگیہ شری جیسی اسکیمیں شروع کیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت ڈبل بیڈروم اور تمام اسکیمات میں نا کام ہوگئی ہے۔ وائی ایس آر حکومت میں پالا مور ضلع کے لاکھوں ایکڑ اراضیات کو سیراب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ 12ہزار ایکڑ اراضی کو آبپاشی سے سیراب کیا گیا تھا اور ونپرتی سے 104 ایمبولنس کا آغاز آنجہانی راج شیکھر ریڈی کے ہاتھوں کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت صرف اور صرف گنگا جمنی تہذیب کو بگاڑ کر بھائی چارگی کا خاتمہ کررہی ہے اور ملک کو برباد کررہی ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ آئندہ انتخابات میں وائی ایس آر پارٹی شرمیلا کو ووٹ دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیر کی بیٹی شیر ہی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں اقتدار میں آنے پر غریبوں کی خدمت میں مصروف رہیں گی۔ اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں عوام موجود تھے۔ اس موقع پر خواتین کی بھی کثیر تعداد موجود تھی۔