اقلیتوں کیخلاف متنازعہ بیان،پرگیہ کیخلاف شکایت

   

نئی دہلی:بھوپال سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔ انہوں نے حال ہی میں اپنے دورہ کرناٹک کے دوران اقلیتی برادری کے خلاف مبینہ ’توہین آمیز‘ تقریر کی تھی۔ وینچر کیپیٹلسٹ اور سیاسی تجزیہ کار تحسین پونا والا نے سوشل میڈیا کے ذریعے شیواموگا پولیس سے کی گئی شکایت کی ایک کاپی متھن کمار کو بھیجی گئی ہے۔ شکایت کی ایک کاپی چیف منسٹر بسواراج بومئی کو بھی بھیجی گئی ہے۔مدھیہ پردیش کی ایم پی پرگیہ نے اتوار کو شیواموگا شہر میں منعقدہ ہندو جاگرن ویدیکے کے سالانہ کنونشن میں شرکت کی۔ وہ بجرنگ دل کے کارکن ہرشا کے گھر بھی گئی جسے حجاب کے خلاف مہم چلانے پر مارا گیا تھا۔شکایت کنندہ نے پرگیہ پر الزام لگایا کہ انہوں نے تقریب میں اقلیتی برادری کے خلاف ’توہین آمیز‘ تقریر کی۔ پرگیہ نے لوگوں سے اسی انداز میں لووجہاد کا مناسب جواب دینے کو کہا تھا۔انہوں نے ہندوؤں سے مزید کہا کہ وہ اپنی لڑکیوں کا خیال رکھیں اور ہتھیار گھر پر رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر آپ کے پاس ہتھیار نہیں ہیں تو سبزیاں کاٹنے کیلئے چاقو کو تیز کریں۔ انہوں نے ہمارے ہرش کو چاقو سے مارا۔ انہوں نے ہندو کارکنوں کو قتل کرنے کیلئے چھریوں کا استعمال کیا، ہمیں کسی بھی واقعے کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہنا چاہیے۔