اقلیتی فینانس کارپوریشن سے عمل آوری، صد فیصد سبسیڈی، خاندان میں ایک فرد کو امداد کے رہنمایانہ خطوط جاری
حیدرآباد۔/23 جولائی، ( سیاست نیوز) حکومت نے اقلیتوں کی معاشی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے صد فیصد سبسیڈی کے ساتھ ایک لاکھ روپئے کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں آج سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے جی او آر ٹی 78 جاری کیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بی سی طبقات کی طرز پر اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے غریب افراد کو ایک لاکھ روپئے کی مالی امداد کا اعلان کیا تھا اور یہ رقم مکمل طور پر سبسیڈی شمار کی جائے گی۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ بی سی طبقات کیلئے ایک لاکھ روپئے سبسیڈی سے متعلق جی او 6 جون کو جاری کیا گیا جس کی بنیاد پر اقلیتوں کیلئے بھی ایک لاکھ روپئے تک مکمل سبسیڈی اسکیم کیلئے نمائندگی کی گئی۔ حکومت نے اس تجویز کو منظوری دیتے ہوئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔ تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن سے مالیاتی سال 2022-23 میں جو درخواستیں وصول کی گئیں اور جو مالیاتی سال 2023-24 میں شمار کرتے ہوئے ہر مستحق استفادہ کنندہ کو ایک لاکھ روپئے صد فیصد سبسیڈی کے تحت منظور کئے جائیں گے۔ کرسچن کمیونٹی کے امیدواروں کیلئے درخواستیں علحدہ طور پر طلب کی جائیں گی اور کرسچن فینانس کارپوریشن کی جانب سے مستحق عیسائی امیدواروں کو ایک لاکھ روپئے کی سبسیڈی فراہم کی جائے گی۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ یہ رقم ایک خاندان کے صرف ایک فرد کو دی جائے گی۔ استفادہ کنندہ درخواست گذار کی عمر 2 جون 2023 کو 21 تا 55 سال کے درمیان ہونی چاہیئے۔ درخواست گذار کی سالانہ آمدنی دیہی علاقوں میں دیڑھ لاکھ اور شہری علاقوں میں 2 لاکھ روپئے ہونی چاہیئے۔ منتخب کئے گئے امیدواروں کی لسٹ مرحلہ وار طور پر اقلیتی فینانس کارپوریشن کی ویب سائیٹ پر ڈسپلے کی جائے گی۔ سبسیڈی ون ٹائم گرانٹ کے طور پر جاری کی جائے گی۔ نائب صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن ومنیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ کرسچن فینانس کارپوریشن کو اسکیم پر عمل آوری کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ مسلم، سکھ، بودھ اور پارسی طبقات کے مستحق افراد کی نشاندہی کرے جبکہ کرسچن طبقہ کے مستحقین کا انتخاب کرنا کرسچن فینانس کارپوریشن کی ذمہ داری ہوگی۔ سنٹر فار گڈ گورننس استفادہ کنندگان کی اہلیت کا جائزہ لیتے ہوئے آن لائن نگرانی کریگا۔ اسی دوران چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت سماج کے تمام طبقات نے بلا لحاظ ذات پات ومذہب غربت کے خاتمہ کے اقدامات کررہی ہے۔ چیف منسٹر نے دہرایا کہ حکومت تمام اقلیتی طبقات کی ترقی کے عہد کی پابند ہے۔ تعلیم اور روزگار کے بشمول کئی شعبہ جات میں اسکیمات پر عمل آوری کے ذریعہ اقلیتوں کی غربت اور پسماندگی کے خاتمہ کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عمل کئے جارہے ایکشن پلان کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ ان کی حکومت ہمہ تہذیبی اور مذہبی روایات کی پاسداری کے ذریعہ گنگا جمنی تہذیب کے تحفظ کی پابند ہے۔