اقلیتوں کیلئے معلنہ اقدامات سے دستبرداری؟

   

اسلامک کلچرل سنٹر و اجمیر شریف میں رباط کا بجٹ میں تذکرہ ندارد
حیدرآباد۔8۔مارچ۔(سیاست نیوز) تشکیل تلنگانہ کے بعد سے مسلسل ہر بجٹ میں شہر میں عالمی معیار کے اسلامک کلچرل سنٹر کے قیام کا تذکرہ کیا جاتا رہا ہے اور اجمیر شریف میں رباط کے قیام کے اعلانات کئے جاتے رہے ہیں لیکن دونوں منصوبوں کا اس سال کے بجٹ کوئی تذکرہ نہیں ہے اور نہ ان پر عمل کے سلسلہ میں کوئی رپورٹ پیش کی گئی ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ایوان اسمبلی میں متعدد مرتبہ مضافاتی علاقہ میں عالمی معیار کے اسلامک کلچرل سنٹر کے قیام کے اعلانات کئے لیکن اس مرکز کے سلسلہ میں اب تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی اور نہ سنگ بنیاد رکھا گیا ہے ۔ حکومت کے متعدد اعلان کا بجٹ میں اس مرتبہ تذکرہ نہ کئے جانے پر کہا جا رہاہے کہ حکومت نے اسلامک کلچرل سنٹر کے قیام کے منصوبہ سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ اسلامک کلچرل سنٹر کیلئے نشاندہی کردہ اراضی کے معاملہ میں تنازعہ کے بعد حکومت نے منصوبہ کو سردخانہ کی نذر کردیا ۔اسی طرح حکومت کی جانب سے اجمیر میں رباط کی تعمیر کے گذشتہ 7 برسوں سے اعلانات کئے جا رہے ہیں اور ان 7 برسوں کے دوران بیشتر تمام بجٹ تقاریر کے دوران اجمیر شریف میں رباط کی تعمیر کے سلسلہ میں حکومت کے منصوبہ کو پیش کیا جاتا رہا ہے لیکن اس مرتبہ دونوں ہی منصوبوں کا کوئی تذکرہ بجٹ تقریر میں نہیں کیا گیا اور نہ ہی ان منصوبوں پر عمل آوری کے متعلق کوئی تفصیلات بتائی گئی ہیں۔