شعور بیداری کیلئے مثبت اور سنجیدہ اقدامات پرزور ، کلکٹریٹ نرمل میں جائزہ اجلاس ، قومی اقلیتی کمیشن رکن سیدہ شہزادی کا خطاب
نرمل۔رکن قومی اقلیتی کمیشن حکومت ہندمحترمہ سیدہ شہزادی نے آج ضلع نرمل کادورہ کرتے ہوئے دفترضلع کلکٹریٹ کانفرنس ہال نرمل میںضلع ایڈیشنل کلکٹر(ریونیو) نرمل ڈاکٹر پی رام بابو،ڈسٹرکٹ مائناریٹی ویلفیئرآفیسرنرمل سراونتی کے ہمراہ مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت اقلیتوں کی فلاح وبہبوداورتعلیمی ترقی کیلئے کروڑوں روپے مختص کررہی ہے انہوں نے کہاکہ عہدیدار اقلیتوں کو مرکزی حکومت کی جانب سے متعارف کردہ اسکیمات کے متعلق اقلیتی طبقے میں شعور بیداری پروگرامز منعقد کریں اور انہیں ان اسکیمات سے استفادہ کرنے کی ترغیب دیں۔عہدیدار آپسی تال میل کے ذریعہ اقلیتوں کے فلاح و بہبود کے لئے سنجیدہ اور مثبت اقدامات کریں۔سیدہ شہزادی نے محکمہ اقلیتی بہبود ضلع آفیسر سراونتی سے کہا کہ وہ اقلیتی طلباء کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ مولانا آزاد فاؤنڈیشن اسکالرشب، بی بی حضرت محل اسکالرشپ اور مائناریٹی اسکالرشپ کے متعلق اقلیتی طلباء کیلئے خصوصی کیپمس منعقد کرتے ہوئے شعور بیدار کریں اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور تعلیمی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں۔ انہوں نے ضلع نرمل میں موجود اقلیتی اقامتی اسکولز و کالجز میں طلباء کی تعلیمی سرگرمیوں اور طعام و قیام سے متعلق تفصیلی جائزہ لیا۔ علاوہ اس کے ریاستی حکومت کی جانب سے متعارف کردہ شادی مبارک اسکیم اور ائمہ و موذنین کو دیا جانے والا اعزازیہ کی متعلقہ عہدیداروں بالخصوص وقف بورڈ انسپکٹر سے تفصیلات حاصل کی۔ سید شہزادی نے ضلع وقف انسپکٹر محمد ساجد کو ہدایت دی کہ وہ ضلع بھر میں موجود وقف اراضیات سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کریں اس موقع پر آر ڈی او نرمل راتھوڑ رمیش، آر ڈی او بھینسہ لوکیش، ریجنل کوآرڈینیٹر اقلیتی اقامتی اسکولز و کالجز متحدہ ضلع عادل آباد محمدسلیم، ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر نرمل رویندر ریڈی کے علاوہ تحصیلداروں اور اقامتی اسکولز و کالجز کے پرنسپل و ہیڈماسٹر و دیگر موجود تھے۔