اقلیتوں کی امدادی رقم تقسیم کرنے کی آج افتتاحی تقریب

,

   

امتیاز اسحاق اور بی شفیع اللہ نے ایل بی اسٹیڈیم پہونچکر انتظامات کا معائنہ کیا
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : صدر نشین تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحاق نے کہا کہ اقلیتوں کی امدادی رقم تقسیم کرنے کی تمام تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں ۔ 19 اگست کو صبح 10 بجے ایل بی اسٹیڈیم میں افتتاحی تقریب کا انعقاد ہوگا جس میں ریاستی وزراء کے ٹی آر ، ہریش راؤ ، محمد محمود علی ، ٹی سرینواس یادو کے علاوہ شہر میں دستیاب دوسرے وزراء ارو عوامی منتخب نمائندے شرکت کریں گے ۔ امتیاز اسحاق اور سکریٹری ٹمریز شفیع اللہ نے آج ایل بی اسٹیڈیم پہونچکر تیاریوں کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صدر نشین تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحاق نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر اقلیتوں کے ہمدرد ہے ۔ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے معاملے میں بی آر ایس پارٹی عہد کی پابند ہے ۔ تلنگانہ میں اقلیتوں کی ترقی اور بہبود کے لیے جو کام کئے گئے ہیں اس کی ملک بھر میں کہیں نظیر نہیں ملتی ۔ اقلیتوں کی صد فیصد امدادی رقم کی تقسیم کے لیے 400 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ 19 اگست کو پہلے مرحلے میں 10 ہزار اقلیتوں میں فی کس ایک لاکھ روپئے کے چیکس تقسیم کئے جارہے ہیں ۔ جس میں شہر حیدرآباد کے 3600 اقلیتوں میں یہ چیکس تقسیم کئے جارہے ہیں ۔ جس کی تمام تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں ۔ محکمہ موسمیات نے 19 اگست کو بارش ہونے کی پیش قیاسی کی ہے جس کے پیش نظر عوام کو بارش کے پانی سے محفوظ رکھنے کے لیے واٹر پروف شامیانوں کا انتظام کیا گیا ہے ۔ امدادی اسکیم کے استفاکنندگان سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقررہ وقت سے قبل اسٹیڈیم پہونچ جائیں ۔ اسٹیڈیم میں شہر کے 15 اسمبلی حلقوں کے کاونٹرس قائم کئے گئے ہیں ۔ استفادہ کنندگان اپنے اپنے اسمبلی حلقوں کے کاونٹرس سے رابطہ کریں ۔ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کا عملہ عوام سے مکمل تعاون کرے گا ۔ افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے والے عوام کے لیے طعام کا بھی انتظام کیا گیا ہے ۔ امتیاز اسحاق نے کہا کہ اس طرح اصلاع میں بھی ارکان اسمبلی کی جانب سے اقلیتوں میں چیکس تقسیم کئے جائیں گے ۔ اضلاع میں تقسیم کئے جانے والے چیکس کی بھی رقمی منظوری دے دی گئی ہے اور تمام چیکس تیار کرلیے گئے ہیں ۔ استفادہ کنندگان کو اپنے ساتھ اوریجنل آدھار کارڈ رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ چیکس متعلقہ شخص یا خاتون کے ہی حوالے کئے جائیں گے ۔۔ ن