اقلیتوں کی بھلائی اور ترقی کے بارے میں کے سی آر کے وعدے کھوکھلے

   

شیر لنگم پلی میں اقلیتوں کا جلسہ، شیخ عبداللہ سہیل اور فیروز خاں کا خطاب

حیدرآباد۔ /5 ستمبر، ( سیاست نیوز) شہر کے مضافاتی علاقہ شیر لنگم پلی میں کانگریس میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے زیر اہتمام اقلیتوں کے جلسہ کا انعقاد عمل میں آیا۔ پردیش کانگریس کمیٹی میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل، سینئر لیڈر محمد فیروز خاں، سکریٹری پردیش کانگریس محمد راشد خاں کے علاوہ دیگر قائدین نے اس جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر حکومت کی مخالف اقلیت پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو انتخابات میں کے سی آر نے اقلیتوں کے ساتھ جو وعدے کئے تھے ان پر عمل آوری نہیں کی گئی۔مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کے علاوہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے وقف بورڈ کو جوڈیشیل پاورس کا وعدہ فراموش کردیا گیا۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ سکریٹریٹ کی مساجد کی تعمیر نو کے سلسلہ میں حکومت غیر سنجیدہ ہے۔ سکریٹریٹ کی تعمیر کا کام تو جاری ہے لیکن مساجد کی تعمیر نو کے سلسلہ میں صرف اعلانات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ٹی آر ایس کی ناکامیوں کو اجاگر کرنے کیلئے ریاست گیر سطح پر مہم چلائے گی۔ سینئر قائد اور نامپلی انچارج محمد فیروز خاں نے کہا کہ کے سی آر صرف اپنے خاندان کی بھلائی کیلئے کام کررہے ہیں انہیں عوام کی بھلائی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ ہر انتخابات سے قبل مسلمانوں سے کئی وعدے کئے جاتے ہیں لیکن کامیابی کے بعد وعدوں کو بھلادیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضورآباد الیکشن کے پیش نظر دلت بندھو اسکیم کا آغاز کیا گیا لیکن مسلمانوں کیلئے اس طرح کی کوئی اسکیم نہیں ہے۔ انہوں نے دلت بندھو کی طرز پر مسلم بندھو اسکیم متعارف کرنے کا مطالبہ کیا۔ فیروز خاں نے کہا کہ کانگریس پارٹی دور حکومت میں اقلیتوں کی بھلائی کیلئے جو اقدامات کئے گئے تھے وہ آج بھی جاری ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ ٹی آر ایس کے گمراہ کن پروپگنڈہ کا شکار نہ ہوں اور کانگریس پارٹی کا ساتھ دیں تاکہ آئندہ انتخابات میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں اور دیگر طبقات کی حقیقی ترقی صرف کانگریس پارٹی سے ممکن ہے۔اس موقع پر مقامی کانگریس قائدین کی جانب سے سینئر قائدین کو تہنیت پیش کی گئی۔R