اقلیتوں کی ترقی صرف کانگریس سے ممکن

   

نظام آباد ( اربن ) میں روڈ شو، محمد علی شبیر کا خطاب
حیدرآباد۔/14 نومبر، ( سیاست نیوز) سابق وزیر محمد علی شبیر نے عوام سے اپیل کی کہ تلنگانہ تشکیل کے حقیقی فوائد عوام تک پہنچانے کیلئے کانگریس کو برسراقتدار لائیں۔ محمد علی شبیر نے آج نظام آباد ( اربن ) اسمبلی حلقہ کے دو بلدی ڈیویژنس میں انتخابی مہم چلائی اور پدیاترا کے ذریعہ عوام سے ملاقات کی۔ مہم کے دوران مختلف سماجی تنظیموں اور ویلفیر اسوسی ایشنوں نے کانگریس کی تائید کا اعلان کیا۔ نظام آباد کی تاجر برادری کے نمائندوں نے بھی محمد علی شبیر سے ملاقات کی اور تائید کا یقین دلایا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ نظام آباد کی موجودہ ترقی کانگریس دور حکومت میں ہوئی ہے اور گذشتہ دس برسوں کے دوران بی آر ایس کے عوامی نمائندوں نے ترقی اور فلاح و بہبود کو نظرانداز کرتے ہوئے ذاتی مفادات کی تکمیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ہائی کمان نے نظام آباد کی ہمہ جہتی ترقی اور غریبوں کی زندگی میں خوشحالی کیلئے انہیں امیدوار بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین، خواتین، بیروزگار نوجوانوں، طلبہ اور کسانوں کیلئے کانگریس جامع منصوبہ رکھتی ہے۔ محمد علی شبیر نے تمام طبقات کی یکساں ترقی کا تیقن دیا اور کہا کہ اقلیتوں سے کے سی آر نے جو دھوکہ دہی کی ہے کانگریس پارٹی وعدوں کی تکمیل کے ذریعہ ترقی کے مواقع فراہم کرے گی۔ 4 فیصد مسلم تحفظات کا نہ صرف تحفظ ہوگا بلکہ بی سی کمیشن کی سفارشات حاصل کرتے ہوئے تحفظات میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر سابق رکن کونسل اے للیتا، پردیش کانگریس کے نائب صدر طاہر بن حمدان، جنرل سکریٹری جی گنگادھر، سابق میئر ڈی سنجے، صدر سٹی کانگریس کے وینو اور دیگر قائدین موجود تھے۔ محمد علی شبیر نے مختلف تاجروں سے ملاقات کی اور انہیں کانگریس کی ضمانتوں سے واقف کرایا۔ انہوں نے ٹی اسٹال، پان شاپ اور آئرن شاپ پہنچ کر مقامی افراد سے بات چیت کی۔