حکومت نے شہر کی ترقی کو نظر انداز کردیا، نام پلی میں کانگریس امیدوار ڈاکٹر چنا ریڈی کی انتخابی مہم
حیدرآباد: کانگریس کے ایم ایل سی امیدوار ڈاکٹر جی چنا ریڈی نے آج حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں انتخابی جلسوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے وکلاء سے عدالت پہنچ کر ملاقات کی اور تائید کی اپیل کرتے ہوئے حالیہ دنوں میں وکلاء کے قتل کے واقعات کے خلاف آواز اٹھانے کا تیقن دیا ۔ چنا ریڈی نے حلقہ اسمبلی نامپلی میں گریجویٹ رائے دہندوں کے اجلاس میں شرکت کی ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ طلبہ اور نوجوانوں کے مسائل کی یکسوئی ان کی اولین ترجیح رہے گی۔ نامپلی میں رائے دہندوں کے علاوہ پارٹی کیڈر سے چنا ریڈی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر کانگریس فشرمین سیل کے صدرنشین ایم سائی کمار ، نامپلی انچارج محمد فیروز خاں ، نائب صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی محمد راشد خاں کے علاوہ مقامی کانگریس قائدین نے چنا ریڈی کا استقبال کیا ۔ ڈاکٹر چنا ریڈی کو نامپلی حلقہ میں ایم ایل سی انتخابات کی مہم کی تفصیلات سے واقف کرایا گیا ۔ حلقہ سے تعلق رکھنے والے تمام رائے دہندوں سے شخصی طور پر ملاقات کرتے ہوئے کانگریس امیدوار کو ووٹ دینے کی اپیل کی جارہی ہے ۔ ڈاکٹر چنا ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی قائدین دھاندلیوں کے ذریعہ کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے پرانے شہر کی ترقی پر خصوصی توجہ دینے اور اقلیتوں کی تعلیمی و معاشی ترقی کیلئے اقدامات کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے اقلیتوں اور نوجوانوں سے کئے گئے وعدوں سے انحراف کرلیا ہے ۔