اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کیلئے روڈ میاپ کی تیاری

   

اسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنلس کا اجلاس، جناب عامر علی خاں ، ایس اے ہدیٰ اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 18 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) اسوشی ایشن آف مسلم پروفیشنلس کا اجلاس حیدرآباد میں منعقد ہوا جس میں اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اسوسی ایشن کی جانب سے اقلیتوں کی جامع ترقی کے موضوع پر 25 سال پر مبنی روڈ میاپ تیار کیا جارہا ہے جس کیلئے قومی سطح پر مشاورت کا عمل جاری ہے۔ اسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنلس میں سماجی کارکن ، رضاکارانہ تنظیموں اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔ اسوسی ایشن نے قومی سطح پر اقلیتوں کو تعلیم ، تجارت ، سماجی و معاشی طور پر خود مکتفی بنانے کیلئے وسیع تر مشاورت شروع کی ہے۔ اسوسی ایشن کے صدر عامر ادریسی اور نیشنل کور ٹیم کے رکن اور کنوینر ڈاکٹر عبدالاحد نے 25 سالہ روڈ میاپ کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ سینئر کانگریس لیڈر محمد خلیق الرحمن نے کہا کہ روڈ میاپ صرف ویژن ڈاکیومنٹ نہیں بلکہ ایکشن پلان ہے جس پر عمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قائدین ، سماجی کارکنوں اور ماہرین تعلیم کو متحدہ طورپر مساعی کرنی چاہئے ۔ ڈائرکٹر مدینہ گروپ آف انسٹی ٹیوشن کے ایم فصیح الدین نے کہا کہ تعلیم کے ذریعہ کمزور طبقات کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ ریٹائرڈ ڈی جی پی ایس اے ہدیٰ نے کہا کہ کسی بھی طبقہ کی تعلیم اور معاشی ترقی اور استحکام سے ملک کا سماجی ڈھانچہ مستحکم ہوگا۔ نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں نے کہا کہ 25 سالہ روڈ میاپ تاریخی اقدام ہے۔ شعور بیداری کے سلسلہ میں میڈیا ، دانشوروں اور اداروں کو متحدہ طور پر کام کرنا چاہئے ۔ اجلاس میں محمد لطیف خاں چیرمین ایم ایس اکیڈیمی ، محمد مصباح الدین چیرمین کریک سائیڈ انٹرنیشنل اسکول، ڈاکٹر محمد شاہد چیف پراکٹر ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی ، سماجی جہد کار سید فہیم ، پروفیسر ایم ایم انور ، اسحاق خاں ، عدنان سلیم ، طاہر فراز اور سید ناصر الحق نے شرکت کی۔1