وقارآباد اقامتی گرلز جونیر کالج میں یوم اقلیتی بہبود تقریب، اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار کا خطاب
حیدرآباد 11 نومبر (سیاست نیوز) اسپیکر قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار نے مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش کے موقع پر وقارآباد کے اقلیتی اقامتی جونیر کالج فار گرلز میں منعقدہ یوم اقلیتی بہبود تقریب میں شرکت کی۔ ضلع کلکٹر پرتیک جین کے علاوہ مقامی عوامی نمائندوں اور اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔ اسپیکر اسمبلی پرساد کمار نے خطاب کرتے ہوئے ملک کے پہلے وزیر تعلیم کی حیثیت سے مولانا ابوالکلام آزاد کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت نے اقلیتوں کی تعلیمی پسماندگی دور کرنے کے لئے ہر اسمبلی حلقہ میں انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکول کامپلکس کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اقامتی اسکولس اور جونیر کالجس میں معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ کارپوریٹ طرز کی بنیادی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں جس کے نتیجہ میں طلبہ مسابقتی امتحانات میں بہتر مظاہرہ کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اقامتی اسکول اور جونیر کالج کی ذاتی عمارت کی تعمیر کے لئے وہ اراضی اور فنڈس کی منظوری کی مساعی کریں گے۔ پرساد کمار نے کہاکہ مولانا ابوالکلام آزاد کو ملک نے بھارت رتن کے اعزاز سے نوازا اور اُن کی خدمات کو خراج پیش کیا گیا۔ اُنھوں نے یوم اقلیتی بہبود اور یوم قومی تعلیم کے انعقاد پر طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کے لئے مختلف اسکیمات پر عمل پیرا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی بھی مولانا آزاد کے تعلیمی نظریہ پر عمل کرتے ہوئے تلنگانہ میں تعلیم کو فروغ دے رہے ہیں اور انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولوں کا قیام اِسی تحریک کا حصہ ہے۔ حکومت نے ڈائٹ اور کاسمیٹکس چارجس میں علی الترتیب 40 اور 200 فیصد کا اضافہ کرتے ہوئے طلبہ کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے ہیں۔ حکومت نے سرکاری اسکولوں کو مفت برقی سربراہی کا فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد ڈی ایس سی کے ذریعہ اساتذہ کے تقررات کئے گئے۔ اُنھوں نے کہاکہ اقلیتی بہبود کے بجٹ میں اضافہ کیا گیا اور جاریہ سال 3591 کروڑ اقلیتی بہبود کے لئے مختص کئے گئے۔ حکومت نے محمد اظہرالدین کے ذریعہ کابینہ میں مسلمانوں کو نمائندگی دی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پرانے شہر کی ترقی کے لئے میٹرو ٹرین کے توسیعی منصوبے پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ عالمی سطح پر اپنی شناخت بنائے گا۔1