اقلیتوں کی تعلیمی ترقی کیلئے سراج الدین قریشی کی خدمات کی ستائش

   

وقف بورڈ میں تہنیتی تقریب ، کمشنر پولیس انجنی کمار ، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد۔22 ۔ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کے زیر اہتمام جناب سراج الدین قریشی صدر انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر نئی دہلی اور آل انڈیا جمعیت القریش کے عہدیداروں کی تہنیتی تقریب حج ہاؤز میں منعقد کی گئی ۔ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے صدارت کی جبکہ کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار ، ڈائرکر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم آئی پی ایس ، رکن اسمبلی جعفر حسین معراج ، تلنگانہ این جی اوز قائد مجیب الدین ، ارکان وقف بورڈ ذاکر حسین جاوید ، انوار بیگ اور دوسری اہم شخصیتوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر جناب سراج الدین قریشی کی تعلیمی اور ملی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان سے خواہش کی گئی کہ وہ حیدرآباد میں بھی اپنی تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کریں۔ جناب سراج الدین قریشی نے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور ان کی ترقی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ صرف وہی شخص اوقافی جائیدادوں کا تحفظ کرسکتا ہے جو اس کام کیلئے وقف ہوجائے۔ انہوں نے بتایا کہ کمشنر پولیس انجنی کمار نے جس کالج سے تعلیم حاصل کی ، وہاں وہ سینئر تھے۔ سراج الدین قریشی نے بتایا کہ ان کے تحت چلنے والے کالجس میں فارغین میں کئی اہم شخصیتیں ہیں جن میں امیتابھ بچن بھی شامل ہے۔ کمشنر پولیس انجنی کمار نے کہا کہ انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر کے کالج سے 18,000 سے زائد طلبہ فارغ ہوکر ملک بھر میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کلچرل سنٹر کی تعلیمی سرگرمیوں کو حیدرآباد میں وسعت دینے کی خواہش کی ۔ انہوں نے کہا کہ جس کالج میں انہوں نے تعلیم حاصل کی تھی ، وہاں سراج الدین قریشی سینئر تھے۔ کمشنر پولیس نے کورونا وباء کے دوران پولیس کی جانب سے عوام کی مدد سے متعلق مختلف پروگراموں کی تفصیل بیان کی ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ سراج الدین قریشی کی صدارت میں ملک بھر میں قریش برادری کی ترقی کے کام جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ملک کے واحد سیکولر چیف منسٹر ہیں جنہوں نے تمام طبقات کی بھلائی کا عہد کیا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے تعاون سے اوقافی جائیداددوں کے تحفظ کا کام جاری ہے۔ 10,000 آئمہ اور مؤذنین کو ماہانہ پانچ ہزار روپئے اعزازیہ دیا جارہا ہے اور مزید پانچ ہزار درخواستیں زیر التواء ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 28 اقلیتی اقامتی اسکولوں کیلئے 36 ایکر وقف اراضکی الاٹ کی گئی ۔ اس موقع پر محمد سلیم نے جناب سراج الدین کی اہمیت کی اور مومنٹو پیش کیا ۔ کمشنر پولیس نے حیدرآباد سٹی پولیس کی سرگرمیوں سے متعلق کتاب حوالے کی ۔ R