نئی دہلی20فروری(سیاست ڈاٹ کام )سپریم کورٹ نے لفظ اقلیت کی تعریف کرنے اور ملک کی نوریاستوں میں اقلیتوں کی شناخت کے لئے ہدایت جاری کرنے سے متعلق عرضی جمعرات کو خارج کردی۔ چیف جسٹس ارشد اروند بوبڑے ،جسٹس بی آر گوئی،جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس روہنگٹن ایف نریمن کی صدارت والی بینچ نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر اشونی اپادھیائے کی مفاد عامہ کی عرضی خارج کردی،لیکن انہیں متعلقہ ہائی کورٹوں کا رخ کرنے کی راحت دے دی۔عرضی گزار نے اقلیتی لفظ کی تعریف کو یقینی بنانے اور نو ریاستوں – کشمیر ، لداخ، پنجاب، ناگالینڈ، میزورم، منی پور، میگھالیہ،اروناچل اور لکشدیپ،میں اقلیتوں کی شناخت کے لئے ہدایت جاری کرنے کا مطالبہ کیاتھا۔عرضی گزار نے ان ریاستوں میں ہندوؤں کو اقلیتی درجہ دینے کا مطالبہ بھی کیاتھا۔عدالت نے عرضی گزار کو متعلقہ ہائی کورٹ جانے کو کہا ہے ۔
ناگور کے واقعہ پر حکومت راجستھان فوری کارروائی کرے :راہول
نئی دہلی20فروری (سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے راجستھان کے ناگور میں دو دلت نوجوانوں کے ساتھ غیرانسانی سلوک کئے جانے کے واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے ملزمین کے خلاف فوری طورپر کارروائی کرنے کے لئے کہا ہے ۔ گاندھی نے جمعرات کو ٹوئٹ کرکے کہاکہ راجستھان کے ناگور میں دو دلت نوجوانوں پر ظلم کے تعلق سے حال ہی میں ایک خوفناک اور دردناک ویڈیو سامنے آیا ہے ۔
میں ریاستی حکومت سے اس سفاکانہ جرم کرنے والوں کے خلاف فوری طورپر کارروائی کرنے کی درخواست کرتا ہوں۔خیال رہے کہ ناگور ضلع کے پانچوڑی علاقہ کے کرنو گاوں میں دبنگوں نے ایک دلت نوجوان کے ساتھ گزشتہ اتوار کو ظالمانہ سلوک کیا تھا جس کا ویڈیو وائرل ہوا ہے ۔ اس میں بتایا گیا کہ نوجوان کے ساتھ پہلے بے رحمی سے مارپیٹ کی گئی اور پھر اس کے پرائیوٹ پارٹ میں پٹرول ڈالا گیا۔ اسے پانی پلا پلا کر مارا گیا۔