اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے مثالی اسکیمات جاری

   

محبوب نگر میں قبرستان کی حصار بندی کے کاموں کا آغاز، ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا خطاب

محبوب نگر ۔ 10 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے تلنگانہ حکومت سنجیدہ ہے اور اقدامات کررہی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر مثالی اسکیمات جاری کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ نے کیا۔ وہ ہفتہ کے دن مستقر محبوب نگر کے پبرلامرلی روڈ پر واقع قبرستان کی حصار بندی کے کاموں کا آغاز کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 8 لاکھ کے خرچ سے حصار بندی کی جارہی ہے۔ مسلم بھائیوں کی آخری آرام گاہ کی حفاظت کے لئے حصار بندی کا فیصلہ لیا گیا۔ شہر کے چاروں طرف قبرستانوں کے لئے جگہ فراہم کی گئی ہے تاکہ تدفین کے لئے کوئی دشواری پیش نہ آئے۔ اس اراضی کے حصول میں چند کسان متاثر ہوئے لیکن ان کسانوں کو حکومت معاوضہ ادا کررہی ہے۔ انہوں نے ضلع میں اقلیتوں کے لئے کئے گئے کئی ایک فلاحی اقدامات کا تذکرہ کیا۔ اس موقع پر میونسپل چیرمین نرسمہلو، عبدالرحمن چیرمین اگریکلچر مارکٹ کمیٹی، انور پاشاہ ممبر وقف بورڈ کمیشن کمیٹی، محمد محسن تقی حسین تقی صدر عیدگاہ کمیٹی، بشیر احمد بلدی فلور لیڈر، مولانا عبدالناصر مظاہری، عمران، رؤف و دیگر موجود تھے۔