اقلیتوں کی ہمہ جہتی ترقی میں کے سی آر حکومت سنجیدہ : محمد سلیم

   

حضورآباد میں شادی خانہ کی تعمیر اور قبرستان کیلئے اراضی، ہریش راؤ کیساتھ مہم میں شرکت
حیدرآباد 9 ستمبر (سیاست نیوز) صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ اور حضورآباد کے ٹی آر ایس امیدوار جی سرینواس کے ہمراہ حضورآباد میں اقلیتوں کے ایک بڑے جلسہ عام میں شرکت کی۔ اُنھوں نے حضورآباد سے تعلق رکھنے والے ائمہ و مؤذنین کے ماہانہ اعزازیے کے بقایہ جات کی اجرائی سے متعلق احکامات حوالے کئے۔ ائمہ اور مؤذنین کے علاوہ مساجد کمیٹیوں کے نمائندوں اور علماء نے ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس کی تائید کا یقین دلایا۔ وزیر فینانس ہریش راؤ نے اقلیتوں کو تیقن دیا کہ ٹی آر ایس حکومت مقامی مسائل کی یکسوئی کو یقینی بنائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو جو بھی مسائل درپیش ہیں اُن کی یکسوئی کی وہ ذمہ داری لیتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم سے اُنھوں نے خواہش کی ہے کہ وہ ائمہ و مؤذنین کے اعزازیہ کے علاوہ شادی خانے کی تعمیر اور قبرستان کے لئے اراضی الاٹمنٹ پر توجہ مبذول کریں۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہاکہ وہ حضورآباد میں شادی خانے کی منظوری کے لئے ہرممکن مساعی کریں گے اور ضرورت پڑنے پر اوقافی اراضی کی نشاندہی کی جائے گی۔ اُنھوں نے مسلم قبرستان کے لئے اراضی الاٹ کرنے کا تیقن دیا۔ محمد سلیم نے کہاکہ مقامی عوام نے وقف جائیدادوں پر ناجائز قبضے کی برخاستگی کیلئے جو نمائندگی کی ہے اُس پر ضروری کارروائی کی جائے گی۔ قابضین کے خلاف وقف بورڈ کی جانب سے مقدمات درج کئے جائیں گے۔ محمد سلیم نے ائمہ و مؤذنین میں اعزازیہ کی رقم کی منظوری سے متعلق احکامات حوالے کئے۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ ملک کے واحد سیکولر چیف منسٹر ہیں جنھوں نے اقلیتوں کی ترقی کیلئے کئی منفرد اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔ R

ہندوستان کی کوئی بھی ریاست تلنگانہ کی طرح مسلمانوں کی ترقی کی مثال پیش نہیں کرسکتی۔ ائمہ و مؤذنین کے لئے ماہانہ 5 ہزار روپئے اعزازیے کا فیصلہ معاشی پسماندگی کے خاتمہ میں مددگار ثابت ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر نے مسلمانوں کی تعلیمی ترقی کے لئے اسکالرشپ اور فیس بازادائیگی کے علاوہ بیرونی ممالک میں اعلیٰ تعلیم کے لئے اوورسیز اسکالرشپ اسکیم متعارف کی ہے۔ محمد سلیم نے مسلم رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ نہ صرف مسلمانوں بلکہ دیگر طبقات میں ٹی آر ایس کے حق میں مہم چلائیں اور ٹی آر ایس امیدوار جی سرینواس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں کانگریس اور تلگودیشم دور میں اقلیتوں کی ترقی کو نظرانداز کردیا گیا تھا۔ ٹی آر ایس کے مقامی قائد کوشک ریڈی اور دیگر قائدین اِس موقع پر موجود تھے۔ R