اقامتی اسکولوں میں اقلیتی طلبہ کی تعداد میں اضافہ کیا جائے، اقلیتی امور پر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد ۔3۔ اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ کانگریس حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے بارے میں سنجیدہ ہے۔ حکومت نے اقلیتوں کی ترقی کیلئے کئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے ۔ وزیر ٹرانسپورٹ جو حیدرآباد کے انچارج وزیر بھی ہیں، اقلیتی بہبود کے مسائل پر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا ۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیت و بی سی طبقات محمد علی شبیر ، صدرنشین وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی ، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبید اللہ کوتوال، صدرنشین اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان ، سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال آئی پی ایس ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود یاسمین باشا آئی اے ایس اور دیگر اقلیتی اداروں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ حکومت اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اور اضلاع میں غیر مجاز طور پر قبضہ کی گئی اوقافی جائیدادوں کو بچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں اسلامک سنٹر کی تعمیر کے علاوہ اضلاع سے آنے والے مسلم طلبہ کیلئے ہاسٹل کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی طلبہ کو بیرونی ممالک کی یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم کیلئے اوورسیز اسکالرشپ کے تحت 20 لاکھ روپئے کی امداد دی جارہی ہے ۔ شادی مبارک اسکیم کے تحت تمام زیر التواء درخواستوں کی یکسوئی کی جائے گی۔ انہوں نے اقلیتی اقامتی اسکولوں میں مسلم طلبہ کی تعداد میں اضافہ کیلئے مسلم جماعتوں، تنظیموں اور سماج کے ذمہ داروں سے تعاون حاصل کرنے کا عہدیداروں کو مشورہ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ائمہ اور مؤذنین کے لئے ماہانہ اعزازیہ کی رقم بلا کسی رکاوٹ جاری کی جارہی ہے ۔ اجلاس میں کریم نگر سے تعلق رکھنے والے اقلیتی نمائندوں نے شرکت کی اور ضلع میں زیر التواء امور پر توجہ دلائی ۔ ریاستی وزیر نے اوقافی اراضی کے تحفظ کے لئے اقدامات کرنے کا تیقن دیا۔ اقلیتی طلبہ کو مسابقتی امتحانات کی کوچنگ کیلئے اسٹڈی سرکل کے قیام کی اپیل کی گئی۔ کریم نگر میں میناریٹی کمیونٹی ہال کی تعمیر کیلئے نمائندگی کی گئی۔ کریم نگر کے وفد نے اوقافی جائیدادوں کی نشاندہی کی جن کا تحفظ کرکے وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت نے اقلیتوں سے جو وعدے کئے ہیں، ان پر بہر صورت عمل کیا جائے گا ۔ اقلیتی اقامتی اسکولوں میں غیر اقلیتی طلبہ کے داخلوں پر وزیر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اقلیتی طلبہ کی تعداد میں اضافہ کے اقدامات کریں۔ حکومت کے مشیر محمد علی شبیر نے ڈی ایس سی کے تحت اردو میڈیم کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا تیقن دیا ۔ انہوں نے عہدیداروں کو مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کی ہدایت دی۔ 1