اقلیتوں کے ترقیاتی کاموں کیلئے مکمل فنڈ کی اجرائی کا مطالبہ

   

Ferty9 Clinic

نظام آباد میں ٹی آر ایس قائد سمیر احمد کی ایم ایل سی کویتا کو یادداشت کی حوالگی

نظام آباد ۔ سمیر احمد ریاستی قائد ٹی آرایس پارٹی نے ایم ایل سی کے کویتا سے ملاقات کرتے ہوئے ضلع نظام آباد میں مسلم کمیونٹی ہال ، شادی خانہ ، اُردو گھر کی تعمیر و مرمت کیلئے ماباقی فنڈ کی اجرائی کے سلسلہ میں تحریری نمائندگی حوالے کی ۔ سمیر احمد نے ایم ایل سی کے کویتا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ضلع نظام آباد کے مختلف حلقہ اسمبلی جات میں تعمیر کردہ مسلم کمیونٹی ہال ، شادی خانہ اُردو گھر کی تعمیر و مرمت کیلئے حکومت کی جانب سے ایک کروڑ 28 لاکھ روپئے منظور کئے گئے جس میں 50 فیصد فنڈ جاری کردیا گیا ہے مزید 64لاکھ روپئے اجراء کئے جانے باقی ہیں ۔ سمیر احمدنے بتایا کہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے زیادہ سے زیادہ درخواست گذاروں کو امداد اجراء کی جارہی ہے لیکن سطح غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے غریب درخواست گذاروں کو جملہ رقم کی اجرائی عمل میں لاتے ہوئے بھر پور مالی مدد کی جاسکتی ہے انہوں نے کہا کہ غریب مریض قرض لیکر علاج کرانے پر مجبور ہورہے ہیں ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے سی ایم ریلیف فنڈ اجراء کئے جانے سے ان غریبوں کو کافی مدد حاصل ہورہی ہے اگر حکومت درخواست گذار کی جملہ رقم اجراء کرتی ہے تو یہ ایک بہترین اقدام ہوگا۔ سمیر احمد نے ایم ایل سی کے کویتا کی جانب سے زیڈ پی ٹی سی ، ایم پی ٹی سی ، ایم پی پی ، سرپنچ کی تنخواہوں میں اضافہ کے مسئلہ کو حکومت کے علم میں لانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ منتخبہ قائدین عوام کی خدمت انجام دے رہے ہیں انہیں معقول تنخواہ ادا کرتے ہوئے خدمات میں اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔ ایم ایل سی کے کویتا کو سمیر احمد نے گلدستہ پیش کرتے ہوئے دسہرہ تہوار کی مبارکباد دی ہر سال کی طرح اس سال بھی بتکماں تہوار کا بڑے پیمانے پر انعقاد عمل میں لانے پر بھی مبارکباد دی ہے ۔