اقلیتوں کے مسائل اور اقلیتی اداروں پر چیف منسٹر ریونت ریڈی کی خصوصی توجہ

,

   

شاہنواز قاسم کے تقرر سے مثبت پیام، اسکیمات اور وعدوں پر عمل آوری کیلئے متحرک عہدیداروں کا عنقریب تقرر

حیدرآباد۔/13ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کرناٹک کی طرز پر نظم و نسق میں اقلیتی عہدیداروں کو اہم ذمہ داریاں اور اقلیتوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل پر توجہ مرکوز کی ہے۔ چیف منسٹر نے سینئر آئی پی ایس عہدیدار شاہنواز قاسم کو اپنا سکریٹری مقرر کرتے ہوئے مسلمانوں میں یہ پیام دینے کی کوشش کی ہے کہ حکومت مسلمانوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں سنجیدہ ہے۔ انسپکٹر جنرل ملٹی زون II شاہنواز قاسم متحدہ آندھرا پردیش میں کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق انتخابی منشور میں اقلیتوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل اور اقلیتی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے عنقریب ایکشن پلان تیار کیا جائے گا۔ شاہنواز قاسم کو طویل عرصہ تک ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کے طور پر اقلیتی اداروں کی کارکردگی کا خاصہ تجربہ ہے۔ ان کے تجربہ کی بنیاد پر ریونت ریڈی چاہتے ہیں کہ نہ صرف اقلیتوں سے متعلق اسکیمات پر موثر عمل آوری ہو بلکہ اسکیمات پر عمل کرنے کیلئے سنجیدہ عہدیداروں کا اقلیتی اداروں میں تقرر کیا جائے۔ شاہنواز قاسم کو سکریٹری برائے چیف منسٹر کے ساتھ جو محکمہ جات الاٹ کئے جاسکتے ہیں اُن میں اقلیتی بہبود سرفہرست ہے۔ شاہنواز قاسم نے کل اپنی نئی ذمہ داری سنبھال لی اور چیف منسٹر کے ساتھ شہر کے ارکان اسمبلی کے جائزہ اجلاس میں شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی اور اقلیتی فینانس کارپوریشن کے علاوہ وقف بورڈ پر غیر متنازعہ اور متحرک عہدیداروں کو تعینات کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں تاکہ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں کرپشن اور بے قاعدگیوں کی کوئی گنجائش نہ رہے۔ شاہنواز قاسم نے بی آر ایس دور حکومت میں ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کے طور پر اسوقت کی حکومت کو رپورٹ پیش کی تھی جس میں اقلیتی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے تجاویز شامل تھیں۔ کے سی آر حکومت نے ان کی رپورٹ پر کوئی کارروائی نہیں کی۔ اب جبکہ شاہنواز قاسم چیف منسٹر کے سکریٹری کے عہدہ پر فائز ہوچکے ہیں امید کی جارہی ہے کہ ان کی تجاویز پر عمل ہوگا۔ اصول پسند عہدیدار کے طور پر اپنی شناخت رکھنے والے شاہنواز قاسم نے متحدہ آندھرا پردیش میں ورنگل اور کھمم اضلاع کے ایس پی، ڈپٹی کمشنر پولیس نارتھ زون حیدرآباد، جائنٹ کمشنر سائبرآباد کے عہدوں پر خدمات انجام دینے کے بعد ان کی خدمات محکمہ اقلیتی بہبود کو تفویض کی گئی تھیں جہاں انہوں نے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود اور چیف ایگزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ کی حیثیت سے نمایاں خدمات انجام دیں۔ اقلیتی طلبہ کو سیول سرویسیس کی کوچنگ کی فراہمی میں انہوں نے خصوصی دلچسپی لی اور منتخب امیدواروں کو وہ خود روزانہ لیکچر دیا کرتے تھے۔ اردو اکیڈیمی اور حج کمیٹی کے نگرانکار عہدیدار بھی رہے۔ گذشتہ حکومت نے انہیں انسپکٹر جنرل ملٹی زونII کے عہدہ پر فائز کیا تھا اور انہیں تین زائد عہدوں کی ذمہ داریاں الاٹ کی گئی تھیں۔ امید کی جارہی ہے کہ شاہنواز قاسم بہت جلد چیف منسٹر سے اقلیتی امور اور اقلیتی اداروں کے مسائل پر بات چیت کرتے ہوئے حقیقی صورتحال سے واقف کرائیں گے۔ ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد تاحال4 عہدیداروں کو اپنے آفس میں مامور کیا ہے۔ وی شیشادری کو چیف منسٹر کا سکریٹری مقرر کیا گیا ان کے علاوہ پرنسپل سکریٹری بی سی ویلفیر بی وینکٹیشم، 2010 آئی اے ایس بیاچ کے امر پالی اور سابق کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار کو بھی ذمہ داریاں تفویض کئے جانے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کرناٹک سدا رامیا کے آفس میں دو مسلم عہدیداروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ ایل کے عتیق آئی اے ایس کو چیف منسٹر کا ایڈیشنل چیف سکریٹری اور ریٹائرڈ اعلیٰ عہدیدار ضیاء اللہ کو چیف منسٹر کا ایڈیشنل سکریٹری مقرر کیا گیا۔