اقلیتوں کے مسائل بہت جلد حل کرنے کا تیقن : محمد اظہرالدین

   

Ferty9 Clinic

شمس آباد میں وزیر اقلیتی بہبود کی تہنیتی تقریب، مختلف شخصیتوں کا خطاب

حیدرآباد ۔ 16 نومبر (سیاست نیوز) شمس آباد میں جناب افتخار احمد شریف فرسٹ اوورسیز سیٹیزن آف انڈیا نے محمد اظہرالدین کی کابینہ میں شمولیت اور وزیراقلیتی بہبود پبلک انٹرپرائس کے طور پر انتخاب ہونے پر تہنیتی تقریب منعقد کی جس میں دیگر قائدین نے بھی تہنیت پیش کی۔ افتخار شریف نے کہا کہ کانگریس حکومت نے صحیح فیصلہ لیتے ہوئے اظہرالدین کو وزارت دی اور ریاست کی عوام کی توقع کو پورا کیا۔ اُنھوں نے مزید نے کہا کہ اظہرالدین نے کرکٹ کے میدان میں عالمی شہرت حاصل کی اور ان کی قیادت میں کئی کھلاڑیوں نے اپنے جوہر دکھاتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا۔ اظہرالدین اب اپنی سیاسی اننگز میں بھی کامیابی کے ساتھ ریاست کے مسائل خاص کر اقلیتی مسائل کو حل کریں گے۔ محمد اظہرالدین نے اپنی تقریر میں کہا کہ انہوں نے حال ہی میں بحیثیت وزیر اپنا جائزہ لیا ہے اور بہت جلد مسائل کو حل کرنے کے اقدامات کریں گے۔ نوین یادو کو بھی انہوں نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے حلقے کی عوام کے مسائل کو حل کریں گے۔ محمد اظہرالدین نے سونیا گاندھی، راہول گاندھی، ملکارجن کھرگے، مہیش کمار گوڑ، ریونت ریڈی سے اظہارتشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت اپنی فلاحی اسکیمات کے ذریعہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کررہی ہے جس کی وجہ سے کانگریس کی مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ محمد اظہرالدین ایک قابل اور تجربہ کار ہیں ان کے وزارت میں شامل ہونے کے بعد مسلمانوں کے مسائل حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نفرت پھیلانے اور ملک کو بانٹنے کا کام کررہی ہیں جس کی وجہ سے ریاست میں بی جے پی ناکام ہورہی ہے۔ شمس آباد میں منعقدہ تقریب میں انیل یادو رکن پارلیمنٹ، وی ہنمنت راؤ سابق رکن پارلیمنٹ، احمد عالم خان، تفسیر اقبال آئی پی ایس جوائنٹ پولیس کمشنر حیدرآباد، محمد اسدالدین، اظہر شریف (فرزند افتخار احمد شریف)، نورسید، عدنان بیگ، قاسم، راچاملا، سدیشور راجیو گاندھی پنچایت راج سنگھٹن کنوینر کے علاوہ دیگر افراد نے شرکت کرتے ہوئے محمد اظہرالدین کو مبارکباد پیش کی۔ (ش )