ریاستی عاملہ کا اجلاس، سید عزیز پاشاہ اور رکن اسمبلی سامبا سیوا راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔/28 جولائی، ( سیاست نیوز) آل انڈیا تنظیم انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ مسلمانوں کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں حکومت سے نمائندگی کی جائے گی۔ مواضعات، منڈل اور اضلاع کی سطح پر مسلمانوں کو درپیش مسائل میں تعلیم، صحت اور معیشت سے متعلق امور شامل ہیں۔ آل انڈیا تنظیم انصاف کا اجلاس ست نارائن ریڈی بھون حمایت نگر میں منعقد ہوا۔ صدر آل انڈیا تنظیم انصاف اور سابق رکن راجیہ سبھا سید عزیز پاشاہ، رکن اسمبلی کے سامبا سیوا راؤ اور کے پرتاب ریڈی نے مخاطب کیا۔ منیر پٹیل نے اجلاس کی صدارت کی۔ محمد فیاض الدین جنرل سکریٹری نے رپورٹ پیش کی۔ عزیز پاشاہ نے خطاب کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے بجٹ کو عوام کو تقسیم کرنے والا اور کرسی بچاؤ بجٹ قرار دیا جس میں ملک کے کئی علاقوں کو نظرانداز کردیا گیا۔ بیروزگاری اور مہنگائی جیسے مسائل کے حل پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ ملک کے83 فیصد نوجوان بیروزگار ہیں۔ رکن اسمبلی سامبا سیوا راؤ نے اقلیتوں کی ترقی کو نظرانداز کرنے کا مرکزی اور ریاستی حکومتوں پر الزام عائد کیا۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سماجی انصاف کیلئے او بی سی، دلت، گریجن طبقات کے ساتھ ملکر جدوجہد کریں۔ سی پی آئی جدوجہد کی تائید کرے گی۔ ریاستی کونسل کے قائدین محمد فیاض الدین، منیر پٹیل، جلال الدین، شیخ ندیم، احمد خاں، شیخ باشاہ میاں اور دوسروں نے مخاطب کیا۔ مختلف اضلاع کے نمائندوں نے شرکت کی۔1