اقلیتوں کے مسائل کی یکسوئی کانگریس سے ممکن: وشویشور ریڈی

,

   

پہاڑی شریف میں بنیادی مسائل کی یکسوئی کا تیقن، جلسہ عام سے خطاب
حیدرآباد ۔ 3۔ اپریل (سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا چیوڑلہ کے کانگریس امیدوار کونڈا وشویشور ریڈی نے اقلیتی رائے دہندوں کو یقین دلایا کہ وہ پارلیمنٹ کیلئے منتخب ہونے کے بعد اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کیلئے اقدامات کریں گے ۔ وشویشور ریڈی نے آج مہیشورم اسمبلی حلقہ کے تحت پہاڑی شریف کے علاقہ میں اقلیتوں کو جلسہ سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود پر توجہ دی ہے۔ ملک میں واحد ایسی پارٹی ہے جو حقیقی معنوں میں سیکولر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر پارٹیاں سیکولرازم کا دم بھرتی ہیں لیکن انہوں نے سیاسی مفادات کیلئے فرقہ پرست طاقتوں سے مفاہمت کرلی ۔ ٹی آر ایس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وشویشور ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی میں خفیہ مفاہمت ہے۔ ٹی آر ایس کو ووٹ دینا بی جے پی کو ووٹ دینے کے مترادف ہے۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد بی جے پی کو تشکیل حکومت کے لئے ارکان پارلیمنٹ کی تائید کی ضرورت پڑ ے تو ٹی آر ایس سب سے پہلے تائید کرے گی ۔ وشویشور ریڈی نے یقین ظاہر کیا کہ اقلیتوں اور دیگر طبقات کی تائید سے وہ چیوڑلہ میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ وشویشور ریڈی نے پہاڑی شریف کے بلدی مسائل کی یکسوئی کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ بنگارو تلنگانہ کا نعرہ ناکام ثابت ہوا۔ پہاڑی شریف میں آج بھی عوام پینے کے پانی سے محروم ہیں۔ عوام کو نمبر ون تلنگانہ مہم نہیں بلکہ روزگار چاہئے ۔ ٹی آر ایس میں روزگار کی فراہمی کا جو وعدہ کیا تھا ، وہ پورا نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹس کیلئے بھاری رقومات مختص کی گئیں لیکن غریب بستیوں میں ترقی کیلئے فنڈس کی اجرائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی عوام سے جو وعدہ کرتی ہے ، وہ ضرور پورا کرتی ہے۔ انہوں نے کانگریس کے انتخابی منشور کا حوالہ دیا اور کہا کہ غریبوں کیلئے اقل ترین آمدنی ضمانت اسکیم دنیا بھر میں اپنی نوعیت کی منفرد اسکیم ہے ۔ مقامی عوام نے وشویشور ریڈی کی مکمل تائید کا یقین دلایا۔