کڑپہ میں مختلف تنظیموں کے اجلاس سے رکن قومی میناریٹی کمیشن سیدہ شہزادی کا خطاب
کڑپہ /8 فروری ( سیات ڈسٹرکٹ نیوز ) رکن قومی میناریٹی کمیشن سیدہ شہزادی نے آج کپڑپہ کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے آر اینڈ بی گیسٹ ہاوز میں شہر کے اقلیتی قائدین سے ملاقات کی ۔ کئی سیاسی پارٹیوں کے قائدین اور تنظیموں کے نمائندوں نے سیدہ شہزادی سے ملاقات کرکے نمائندگیاں پیش کیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہزادی بیگم نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں ملک کی اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کر رہی ہیں انہوں نے کہا کہ دستور کے تحت تشکیل دئے گئے قومی اقلیتی کمیشن کا کام یہ ہے کہ ملک میں اقلیتوں کے دستوری حقوق کا تحفظ کرے ۔ قومی اقلیتی کمیشن اقلیتوں کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کوشاں ہے ۔ اس کمیشن کو سیول کورٹ کے اختیارات حاصل ہیں ۔ ملک میں کہیں بھی اقلیتوں کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہوتو کمیشن کے سامنے پیش کرنے پر متعلقہ عہدیداروں کی نمائندگی کرکے مسائل کو حل کردیا جاتا ہے ۔ اقلیتی کمیشن ملک بھر میں اقلیتوں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کرتا ہے ۔ اس موقع پر ضلع کے مختلف سیاسی پارٹیوں اور سماجی کارکنوں نے رکن قومی اقلیتی کمیشن سے ضلع میں اقلیتوں کی اراضیوں پر ناجائز قبضہ ، مولانا آزاد فیلوشپ اسکالرشپ کو روک دینے کے مرکزی حکومت کے فیصلہ کے خلاف نمائندگی کی ۔ سید ہ شہزادی بیگم نے آستانہ مخدوم الہی کا دورہ کرکے درگاہ شریف میں چادرگل پیش کی اور درگاہ شریف کے نمائندوں سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر ان کے ہمارہ ریاستی اقلیتی کمیشن کے رکن ہدایت اللہ آر ڈی او مسٹر دھرما چندرا ریڈی، ضلع میناریٹی آفیسر کڑپہ کرشنا کشور اور دوسرے موجود تھے ۔