اقلیتیں ملک میں سب سے زیادہ تلنگانہ میں محفوظ: ہریش راؤ

   

حیدرآباد کرفیو سے پاک، ریاست میں عیدیں اور تہواریں سرکاری طور پر منائے جاتے ہیں

حیدرآباد 16 ستمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر فینانس و صحت ٹی ہریش راؤ نے کہاکہ سارے ملک میں اقلیتوں کی ترقی و بہبود کے لئے کام کرنے والی تلنگانہ واحد ریاست ہے۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں نفرت کا ماحول ہے جبکہ تلنگانہ میں امن و امان قائم ہونے کے ساتھ گنگا جمنی تہذیب تیزی سے فروغ پارہی ہے۔ ضلع سنگاریڈی کے اسمبلی حلقہ پٹن چیرو میں ریاستی وزیر ہریش راؤ نے اقلیتوں اور بی سی طبقات میں امدادی اسکیم کے چیکس تقسیم کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہاکہ کانگریس اور بی جے پی کے زیراقتدار ریاستوں میں تلنگانہ جیسی فلاحی اسکیمات موجود نہیں ہے۔ بالخصوص اقلیتوں کی ترقی اور بہبود کے لئے جو فلاحی اسکیمات متعارف کرائی گئی ہیں اس کی ملک بھر میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ اقلیتوں کی جامع ترقی کے لئے خصوصی منصوبہ بندی تیار کرتے ہوئے کام کیا جارہا ہے۔ اقلیتوں کی تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے 204 اقلیتی اقامتی اسکولس قائم کئے گئے ہیں۔ چند اسکولس کو جونیر کالجس تک ترقی دی گئی ہے۔ اقلیتی طلبہ کو کارپوریٹ طرز پر معیاری تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ قیام و طعام کی مفت سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ سارے ملک میں اقلیتیں سب سے زیادہ تلنگانہ میں محفوظ ہیں۔ بی جے پی کے زیراقتدار ریاستوں میں اقلیتوں کو طرح طرح سے پریشان کیا جارہا ہے۔ اقلیتوں کے خلاف نفرت پھیلائی جارہی ہے۔ بڑے پیمانے پر ظلم و ستم ڈھایا جارہا ہے۔ وہیں تلنگانہ میں بی آر ایس حکومت اقلیتوں کی ترقی و بہبود پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ وزیر فینانس ہریش راؤ نے کہاکہ پڑوسی ریاست کرناٹک میں 90 لاکھ اقلیتیں ہیں اس طرح مہاراشٹرا میں 1.5 کروڑ، مغربی بنگال میں 2.55 کروڑ اور اترپردیش میں 4 کروڑ مسلم اقلیت ہیں مگر ان ریاستوں میں اقلیتوں کی ترقی اور بہبود کے لئے 2 ہزار کروڑ کا بھی کبھی بھی مختص نہیں کیا گیا جبکہ تلنگانہ میں صرف 50 لاکھ اقلیتیں ہیں ان کے لئے بجٹ میں 2 ہزار کروڑ روپئے سے زیادہ کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ اس سے اندازہ ہوگیا کہ چیف منسٹر اقلیتوں کی ترقی و بہبود کے لئے کتنے سنجیدہ ہیں۔ ریاست میں پسماندہ طبقات کی ترقی اور فلاحی اسکیمات ہر دن عید و تہوار ثابت ہورہی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے ریاست کے لاء اینڈ آرڈر کو کنٹرول میں رکھنے کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے ہیں جس کی وجہ سے شہر حیدرآباد میں گزشتہ 9 سال کے دوران ایک بھی فرقہ وارانہ فساد نہیں ہوا اور نہ ہی حیدرآباد میں کرفیو کی نوبت آئی۔ عیدیں و تہواریں سرکاری طور پر منانے والی تلنگانہ ملک کی واحد ریاست ہے۔ ن