اقلیتیں ملک کی حصہ دار ، ریونت ریڈی

   

دستور و قوم کو بچانا سب کی ذمہ داری‘ چیف منسٹر کا پیام
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : یہ انتخابات دستور اور تحفظات کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان مقابلہ ہیں ، انتخابات ان طاقتوں کو ہرانے یا شکست دینے کا بہترین موقع ہے جو ملک ، دستور ، جمہوریت اور سیکولرازم کیلئے خطرہ ہیں ۔ ایسے میں آپ تمام کو اپنے گھروں سے نکل کر مراکز رائے دہی پہنچ کر اپنے ووٹ کا استعمال کرنا ضروری ہے ۔ یہ پیام چیف منسٹر ریونت ریڈی کا ہے جو انہوں نے ملک اور خاص طور پر تلنگانہ کے اقلیتوں کو روزنامہ سیاست اور سیاست ٹی وی کے ذریعہ دیا ۔ نمائندہ سیاست سے بات چیت میں انہوں نے اس سوال پر کہ آپ اقلیتوں کو کیا پیغام دیں گے ؟ ریونت ریڈی نے تلنگانہ پردیش کانگریس سربراہ بھی ہیں کچھ یوں کہا ’سیدھا سیدھا یہ ملک کو بچانا ہے دستور کو بچانا ہے اگر آپ لوگ رائے دہی میں حصہ لینے کی بجائے گھروں میں سوتے اور بیٹھے رہیں تو کچھ ہونے والا نہیں بلکہ ملک و قوم کا نقصان ہے ۔ یاد رکھئیے آپ اس ملک کے حصہ دار ہیں آپ کی بھی ذمہ داری ہے کہ پولنگ کے دن ( 13 مئی ) کو گھروں سے باہر نکلیں اور ملک کے اتحاد اس کی سالمیت جمہوری اقدار سیکولر روایات کا تحفظ کرنے والوں کو ووٹ دیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اگر ہم ووٹ نہیں دیتے تو ہم زندہ ہیں یا مردہ کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ ہر زندہ آدمی کی ذمہ داری ہے کہ گھر سے نکل کر ووٹ دے کیونکہ دستور اور قوم کی ذمہ داری آپ لوگوں پر عائد ہوتی ہے ۔ آپ لوگوں کو باہر نکلنا ہے اور ملک کو آواز دینا ہے کیوں کہ اس ملک کی آزادی کیلئے اقلیتوںاور سب نے مل کر جدوجہد کی ۔ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔ اب اسی آزادی کو بچانا بھی آپ کا کام ہے ۔ آپ کی ذمہ داری ہے ۔ ہم سب مل کر دستور کو بچائیں گے ملک کو بچائیں گے ۔ خاص طور پر ان طاقتوں کو شکست دیں گے جو ملک کے لیے خطرہ ہیں ‘ ۔۔