عہدیداروں کے ساتھ اسکیمات کا جائزہ لیا،بجٹ کی اجرائی کیلئے محکمہ فینانس کو ہدایت
حیدرآباد۔یکم؍ ستمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اقلیتی بہبود کے اداروں کو متحرک بنانے پر توجہ مرکوز کی ہے اور وہ اقلیتی اسکیمات کے بارے میں عنقریب جائزہ اجلاس منعقد کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ چیف منسٹر نے جاریہ فلاحی اسکیمات کے علاوہ انتخابات سے قبل جاری کردہ میناریٹیز ڈیکلریشن پر اپنے دفتر کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا اور ہدایت دی کہ محکمہ کے اداروں میں متحرک عہدیداروں کو تعینات کیا جائے تاکہ اسکیمات پر عمل آوری میں سہولت ہو۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ جاریہ مالیاتی سال اقلیتی بہبود کے بجٹ کے موثر خرچ پر توجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے محکمہ فینانس کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ فلاحی اسکیمات کیلئے مختص کردہ بجٹ کو جاری کریں تاکہ اقلیتی ادارے موثر انداز میں کام کرسکیں۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ وقف بورڈ، اقلیتی فینانس کارپوریشن اور اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے نئے عہدیداروں کے تقرر کو منظوری دی۔ چیف منسٹر کے سکریٹری شاہنواز قاسم ( آئی پی ایس ) نے محکمہ جات کی کارکردگی سے واقف کرایا اور بجٹ کی اجرائی پر توجہ دلائی تاکہ جاریہ اسکیمات پر موثر انداز میں عمل آوری کی جاسکے۔ چیف منسٹر نے شاہنواز قاسم کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کے مشیر محمد علی شبیر کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے محکمہ اقلیتی بہبود کو درپیش مسائل کی نشاندہی کریں جس کے بعد وہ عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ایس سی، ایس ٹی اور اقلیت سے متعلق محکمہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ میناریٹیز ڈیکلریشن میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے ایکشن پلان تیار کیا جائے۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ حکومت میناریٹیز ڈیکلریشن پر عمل آوری میں سنجیدہ ہے۔ انہوں نے محکمہ کے اداروں میں غیر کارکرد عہدیداروں کو تبدیل کرنے کا مشورہ دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ فینانس کی جانب سے بجٹ کی اجرائی میں تاخیر سے متعلق شکایات پر چیف منسٹر نے اسپیشل چیف سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ سے بات چیت کرتے ہوئے بجٹ کی اجرائی پر توجہ دلائی۔1