صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن امتیاز اسحاق نے جائزہ حاصل کرلیا، ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں کی شرکت
حیدرآباد 31 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے صدرنشین کی حیثیت سے محمد امتیاز اسحاق نے آج جائزہ حاصل کرلیا۔ حج ہاؤز میں منعقدہ خصوصی تقریب میں ریاستی وزراء، عوامی نمائندوں اور ٹی آر ایس قائدین کی موجودگی میں امتیاز اسحاق نے اپنی ذمہ داری سنبھالی۔ ریاستی وزیرداخلہ محمد محمود علی، وزیر انیمل ہسبنڈری سرینواس یادو، وزیر اکسائز و سیاحت وی سرینواس گوڑ، ارکان مقننہ ایم گوپی ناتھ، انجیا یادو، ڈاکٹر سی لکشما ریڈی، سابق صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم اور دیگر اہم شخصیتیں اِس موقع پر موجود تھیں۔ وزیرداخلہ محمود علی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ چیف منسٹر باقی اقلیتوں اداروں کے نامزد عہدوں کو عنقریب پُر کردیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے اقلیتوں کی ترقی سے متعلق اسکیمات پر مؤثر عمل آوری کے لئے ٹی آر ایس کے ایک حرکیاتی قائد کو صدرنشین نامزد کیا ہے۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ حکومت اقلیتی دوست ہے اور اقلیتوں کے مسائل کی یکسوئی اور ترقی میں سنجیدہ ہے۔ تلنگانہ حکومت نے اپنے مختصر دور میں اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کے لئے کئی اسکیمات متعارف کی ہیں۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے علاوہ اُنھوں نے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی آر سے اظہار تشکر کیا۔ اُنھوں نے اُمید ظاہر کی کہ نئے صدرنشین کارپوریشن کی اسکیمات پر مؤثر انداز میں عمل آوری کو یقینی بنائیں گے۔ وزیرداخلہ نے پارٹی کارکنوں سے کہاکہ کے سی آر اور کے ٹی آر دیگر اقلیتی بہبود کو پُر کرنے میں سنجیدہ ہیں۔ عنقریب تمام مخلوعہ عہدوں کو پُر کیا جائے گا۔ سابق صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہاکہ چیف منسٹر کے سی آر حقیقی معنوں میں سیکولر قائد ہیں اور اُنھوں نے گنگا جمنی تہذیب کو پروان چڑھانے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ حکومت تمام مذاہب کا یکساں طور پر احترام کرتی ہے اور عید اور تہوار حکومت کی جانب سے منائے جاتے ہیں۔ محمد سلیم نے حکومت کی مختلف اسکیمات کا حوالہ دیا اور کہاکہ ملک کی کسی بھی ریاست میں تلنگانہ کی طرح اسکیمات کی مثال پیش نہیں کی جاسکتی۔ محمد امتیاز اسحاق نے چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا اور کہاکہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھائیں گے اور کسی کو شکایت کا موقع نہیں دیں گے۔ اِس موقع پر پارٹی کے اقلیتی قائدین محمد اعظم علی، محمد منیرالدین، طارق انصاری، شریف الدین، بدرالدین، عبدالباسط، معید خان اور سابق صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خان موجود تھے۔ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن کانتی ویزلی نے انتظامات کی نگرانی کی۔ ر