اقلیتی اسکیمات پر عمل آوری اور مالیاتی ڈسپلن برقرار رکھنے کی ہدایت

   

حج رباط کیلئے پلان تیار کیا جائے، قبرستانوں کیلئے اراضی کی نشاندہی، سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی (سیاست نیوز) سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ آئی ایف ایس نے اقلیتی بہبود کے اداروں کو اسکیمات پر عمل آوری اور مالیاتی ڈسپلن برقرار رکھنے کی ہدایت دی ہے ۔ بی شفیع اللہ نے آج اقلیتی بہبود کے اداروں کے سربراہوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں اسکیمات پر عمل آوری کے علاوہ محکمہ فینانس میں زیر التواء بلز کی اجرائی کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے اقلیتی اداروں سے کہا کہ وہ فنڈس کے استعمال کے سلسلہ میں سرکاری قواعد کی پابندی کریں اور من مانی طور پر فیصلوں کی صورت میں مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے کمپیوٹرس کی خریدی اور حج کیمپ کے دوران مینٹننس کے بلز پر اعتراض جتایا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری قواعد کے مطابق 5 لاکھ سے زائد رقم کے خرچ کیلئے ٹنڈرس طلب کئے جانے چاہئے لیکن حج کمیٹی نے ٹنڈرس کے بغیر ہی کمپیوٹرس کی خریداری عمل میں لائی جس کے لئے بھاری بل تیار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے حج کیمپ مینٹننس اخراجات میں اضافہ پر بھی سوال اٹھائے۔ بی شفیع اللہ نے کہا کہ تمام اداروں کو قواعد کی پابندی ضروری ہے ۔ انہوں نے کرسچن کارپوریشن کے اخراجات پر بھی وضاحت طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کی اجرائی اور خرچ میں مالیاتی ڈسپلن برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے اسکیمات کیلئے بجٹ کی اجرائی کا تیقن دیا۔ شفیع اللہ نے ماہِ محرم کے جلوس عاشورہ کے ہاتھی کے انتظام کا جائزہ لیا۔ حکومت نے ہاتھی کی خریدی کا فیصلہ کیا ہے تاہم محکمہ جنگلات کے قواعد کے مطابق ہاتھی خریدا نہیں جاسکتا۔ حکومت کو کسی ریاست سے ہاتھی کو بطور تحفہ حاصل کرنا پڑتا ہے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے چیف منسٹر کرناٹک کو مکتوب روانہ کیا جائے اور ہاتھی کے جوڑے کو بطور تحفہ دینے کی اپیل کی جائے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے پہاڑی شریف میں رباط کی تعمیر کیلئے عمارت کا منصوبہ جلد تیار کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ چیف منسٹر نے آئندہ سال عازمین کی نئی عمارت سے روانگی کا وعدہ کیا ہے۔ پلان کی تیاری کے فوری بعد تعمیری کاموں کا آغاز ہوگا۔ شفیع اللہ نے کوکہ پیٹ میں اسلامک کلچرل سنٹر کی اراضی کے تحفظ کے لئے فینسنگ کا کام انجام دینے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے وقف بورڈ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مسلم قبرستانوں کے لئے اراضیات کی نشاندہی کریں ۔ انہوں نے حج ہاؤز سے متصل زیر تعمیر کامپلکس کے سلسلہ میں جلد ہی فیصلہ کرنے کا تیقن دیا۔ اسی دوران ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے کل یکم اگست کو اقلیتی بہبود کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس طلب کیا ہے۔ اجلاس میں اقلیتی بہبود کے بجٹ کی اجرائی کا جائزہ لیا جائے گا۔ جن اسکیمات کے لئے بجٹ درکار ہے، اس کی تفصیلات ڈپٹی چیف منسٹر کو پیش کی جائیں گی۔1