20 مارچ آخری تاریخ ، انٹرنس ٹسٹ کے ذریعہ داخلے، 15 مئی تک داخلوں کی تکمیل
حیدرآباد ۔24۔ فروری (سیاست نیوز) اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی نے اقامتی اسکولوں اور جونیئر کالجس میں داخلوں کیلئے آن لائین درخواستوں کے ادخال کا شیڈول جاری کیا ہے ۔ 2004 اقامتی اسکولوں کی پانچویں جماعت میں 14,640 اور 83 جونیئر کالجس میں فرسٹ ایئر کی 6640 نشستوں پر داخلہ کے لئے انٹرنس ٹسٹ منعقد کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ تعلیمی سال 2020-21 کے تحت اقامتی اسکولوں کی چھٹویں ، ساتویں اور آٹھویں جماعتوں میں مخلوعہ نشستوں پر بھی داخلے دیئے جائیں گے ۔ 75 فیصد نشستوں پر مسلم ، عیسائی ، پارسی ، جین ، سکھ اور بدھسٹ طبقات سے تعلق رکھنے والے داخلہ لے سکتے ہیں جبکہ 25 فیصد نشستیں غیر اقلیتی طبقات جیسے ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور او سی کو الاٹ کی جائیں گی ۔ سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی کے مطابق پانچویں تا آٹھویں جماعت اور انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر میں داخلوں کے لئے 22 فروری سے آن لائین درخواستوں کے ادخال کا آغاز ہوچکا ہے ۔ 20 مارچ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ رہے گی۔ انٹرمیڈیٹ کے لئے انٹرنس ٹسٹ 12 اپریل ، پانچویں جماعت کے لئے 18 اپریل جبکہ چھٹویں تا آٹھویں جماعت داخلوں کیلئے 20 اپریل کو انٹرنس ٹسٹ رہے گا ۔ اسکول اور کالجس کے انٹرنس ٹسٹ نتائج کا 2 مئی کو اعلان کیا جائے گا جبکہ اسکولوں اور انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر کیلئے 5 مئی تا 15 مئی سرٹیفکٹس کی جانچ اور داخلے ہوں گے۔ 12 جون سے کلاسس کا آغاز ہوگا۔ اقلیتی طلبہ کے سرپرستوں اور امیدواروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے 20 مارچ سے قبل آن لائین درخواستیں داخل کریں۔ تمام اسکولوں میں آن لائین درخواستوں کے ادخال کے مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ اقامتی اسکول کی ویب سائیٹ یا ہیلپ لائین سنٹر کے علاوہ کسی بھی اسکول ، ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفس یا سوسائٹی کے ہیڈ آفس روڈ نمبر 10 بنجارہ ہلز سے تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔