اقلیتی اقامتی اسکولس اور جونیئر کالجس میں داخلوں کا آغاز

   

وزیر اقلیتی بہبود نے ٹمریز کی ویب سائیٹ کا افتتاح کیا، 205 اداروں کی 75 فیصد نشستیں اقلیت کیلئے مختص
حیدرآباد ۔19 ۔ جنوری (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے اقلیتی اقامتی اسکولوں میں تعلیمی سال 2026-27 کے داخلوں کیلئے ٹمریز ویب سائیٹ کا افتتاح انجام دیا۔ اس موقع پر ٹمریز کے نائب صدرنشین محمد فہیم الدین قریشی اور سکریٹری اقلیتی بہبود و ٹمریز بی شفیع اللہ آئی ایف ایس موجود تھے۔ ویب سائیٹ پر اقلیتی اقامتی اسکولوں اور جونیئر کالجس میں پانچویں جماعت سے انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر (جنرل اینڈ ووکیشنل) کیلئے آن لائین درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ تعلیمی سال 2026-27 کیلئے اقلیتی اور غیر اقلیتی طلبہ سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ چھٹویں ، ساتویں اور آٹھویں جماعت کی مخلوعہ نشستوں پر داخلہ کیلئے بھی اقلیتی طلبہ درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ داخلہ کے سلسلہ میں طلبہ اور سرپرستوں کی رہنمائی کیلئے ہر ادارہ میں ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیا ہے ۔ سرپرست اور والدین ٹمریز کی ویب سائیٹ www.tgtmreiestelgana.cgg.gov.in پر آن لائین درخواستیں داخل کرسکتے ہیں یا وہ ٹمریز کے اداروں میں واقع ہیلپ ڈیسک یا ہیڈ آفس سے کسی بھی مدد اور رہنمائی کیلئے رجوع ہوسکتے ہیں۔ ٹمریز کے تحت ریاست بھر میں بوائز کے 107 اور گرلز کے 98 ادارے چلائے جارہے ہیں۔ جملہ 205 اداروں کی 75 فیصد نشستیں اقلیتی طلبہ کیلئے مختص ہیں جبکہ 25 فیصد نشستوں پر غیر اقلیتی طلبہ کو داخلے دیئے جائیں گے۔ اقلیتی طلبہ کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے 13 جونیئر کالجس میں ووکیشنل کورسس متعارف کئے گئے ۔ طلبہ کو مسابقتی امتحانات کی تیاری کے سلسلہ میں 18 سنٹر آف ایکسلینس قائم کئے گئے جہاں آئی آئی ٹی ، جے ای ، نیٹ ، سی اے اور کلاٹ جیسے امتحانات کیلئے کوچنگ دی جائے گی۔ وزیر اقلیتی بہبود نے طلبہ اور سرپرستوں سے اپیل کی کہ وہ ٹمریز کے اداروں میں صد فیصد نشستوں پر داخلے حاصل کریں۔ ان اداروں میں انگلش میڈیم کے تحت معیاری تعلیم کا انتظام ہے اور رہائش کی مفت سہولت ہے۔ طلبہ کیلئے دینی تعلیم، اسپورٹس ، این سی سی ، آرٹس اینڈ کرافٹس کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ طلبہ کی صحت اور سیفٹی اولین ترجیح ہے۔1