آصف نگر بوائز 1 کی نئی عمارت کا افتتاح، ریاستی وزیر اے لکشمن، فہیم قریشی اور شفیع اللہ کی شرکت
حیدرآباد 2 ستمبر (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود اے لکشمن کمار نے آج نامپلی کے علاقہ میں اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے جونیر کالج آصف نگر بوائز 1 کی نئی عمارت کا افتتاح انجام دیا۔ اِس موقع پر مقامی رکن اسمبلی ماجد حسین، نائب صدرنشین اور صدر تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی محمد فہیم الدین قریشی، کلکٹر حیدرآباد شریمتی ہری چندنا آئی اے ایس اور سکریٹری اقلیتی بہبود و سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ آئی ایف ایس موجود تھے۔ نئی عمارت کے تحت 2 علیحدہ بلاکس 8.5 کروڑ کے صرفہ سے تعمیر کئے گئے ہیں جن میں ایک جونیر کالج اور دوسری ہاسٹل کی عمارت ہے۔ ریاستی وزیر اور دیگر مہمانوں کی آمد پر طلبہ کی جانب سے روایتی انداز میں استقبال کیا گیا۔ تلنگانہ حکومت نے اقامتی اسکولوں اور جونیر کالجس کے لئے ذاتی عمارتوں کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے اور نامپلی کے علاقہ میں آصف نگر بوائز 1 کے لئے شاندار عمارت تعمیر کی گئی۔ اِس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اقلیتی بہبود اے لکشمن نے کہاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اقامتی اسکولوں اور جونیر کالجس میں طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ بہتر انفراسٹرکچر کی فراہمی کی ہدایت دی ہے۔ آصف نگر بوائز 1 کی عمارت 8.5 کروڑ سے تعمیر کی گئی ہے جس میں تمام تر سہولتیں موجود ہیں۔ وزیر اقلیتی بہبود نے کہاکہ حکومت اقامتی اسکولوں میں درکار ضرورتوں کی تکمیل کے لئے تیار ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اسکولس اور کالجس کے سلسلہ میں اُن سے جو بھی نمائندگی کی جائے گی وہ بجٹ منظور کریں گے۔ صدر اقامتی اسکول سوسائٹی محمد فہیم الدین قریشی نے کہاکہ تلنگانہ حکومت نے انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولس کامپلکس کی تعمیر کا آغاز کیا ہے جس کے تحت 25 ایکر اراضی پر 200 کروڑ سے عصری سہولتوں کے ساتھ کامپلکس تعمیر کیا جائے گا جس میں ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی اقامتی اسکولوں کی گنجائش رہے گی۔ سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ نے کہاکہ اقامتی اسکولس اور جونیر کالجس میں طلبہ کا تعلیمی مظاہرہ شاندار رہا ہے۔ مسابقتی امتحانات میں اقامتی جونیر کالجس کے طلبہ نے اپنی قابلیت کا غیرمعمولی مظاہرہ کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ اقامتی اسکولس اور جونیر کالجس کو بہت جلد ذاتی عمارتوں میں منتقل کردیا جائے گا۔1