طلبہ کا مستقبل تابناک ، جے راما کرشنا راؤ ، سکریٹری قومی اقلیتی کمیشن کا دورہ
حیدرآباد۔8فروری(سیاست نیوز) نظام دکن نواب میر عثمان علی خان کے بعد سرزمین دکن پر تعلیمی انقلاب میں حکومت کی جانب سے قائم کئے گئے اقلیتی اقامتی اسکول کلیدی کردار ادا کریں گے۔ مسٹر جے راما کرشنا راؤ آئی اے ایس سیکریٹری قومی اقلیتی کمیشن نے نے شہر حیدرآباد کے علاقہ بہادر پورہ میں چلائے جانے والے اقلیتی اقامتی اسکول اور ابراہیم پٹنم میں چلائے جانے والے جونیئر کالج کے دورہ کے دوران ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ مائناریٹیز ریسڈینشل ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنس سوسائیٹی کی جانب سے چلائے جانے والے لڑکیوں کے اسکول کا دورہ کیا اور کہا کہ سرکاری مدارس میں لڑکیوں کے لئے موجود سہولتیں اور ان اسکولو ںمیں تعلیم حاصل کرنے والی طالبات کا جذبہ اور ان کی آنکھوں میں موجود چمک ان کے کامیاب مستقبل کی ضمانت ہیں۔ مسٹر جے راما کرشنا راؤ نے سیکریٹری TEMRIS کے ہمراہ بہادرپورہ اسکول واقع نواب صاحب کنٹہ کا دورہ کرتے ہوئے طالبات سے سوال جواب کئے اور انہیں دستیاب سہولیات کے متعلق تفصیلات سے آگہی حاصل کی ۔ انہو ںنے کہا کہ طالبات میں موجود جذبہ اور ان کی لگن کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ آئندہ 20برسوں میں یہ طالبات شہر حیدرآباد و ریاست تلنگانہ میں تعلیمی انقلاب کی نقیب ثابت ہوں گی۔ سیکریٹری قومی اقلیتی کمیشن نے ان اسکولوں کو سنٹر آف ایکسلنس قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان تعلیمی ادارہ جات کو نئے ہندستان کے مقدس مقامات سے تعبیر دینے کے موقف میں ہیں جو کہ پہلے وزیر اعظم ہند پنڈت جواہر لعل نہرو کا خواب تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان تعلیمی اداروں میں فراہم کی جانے والی تعلیم شہر حیدرآباد اور ریاست تلنگانہ میں اقلیتوں کی مجموعی ترقی کا باعث ثابت ہوں گی کیونکہ تعلیم کے ذریعہ فراہم کی جانے والی ترقی کبھی ضائع نہیں ہوتی بلکہ زندگی میں علم کے ذریعہ ہی کئی مقامات کو حاصل کیا جا سکتا ہے اور علم ہی زندگی میں اجالا لاتا ہے جو کہ ان تعلیمی اداروں کی جانب سے فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا جا رہاہے ۔