معیاری سہولیات کے ساتھ جدید تعلیم کا مفت نظم، سنگاریڈی میں تشہیری مہم کے پوسٹرس کی رسم اجرائی، عہدیداروں کا خطاب
سنگا ریڈی۔ 23 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سنگا ریڈی شہر میں واقع مائنارٹی گرلز گرکل اسکول میں داخلوں کے سلسلے میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا جس میں وال پوسٹر کا اجرا عمل میں آیا۔ اس کے ساتھ ہی تلنگانہ مائنارٹیز ریزیڈنشیل گرلز اسکول و جونیئر کالج (TGMRS JC) میں داخلہ درخواستوں کے عمل کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔ اس موقع پر ایم ڈی مختار حسین (جنرل سیکریٹری ملی فورم)، ایم اے رشید، شفیع الرحمن ، یعقوب علی، ایم جی قادر ، سید غوث معین الدین ، غوثِ پاشاہ ار ایل سی، محترمہ بی ڈی بہومتی (ریجنل لیول کوآرڈینیٹر)، اسکول ایڈمیشن کمیٹی کے اراکین، اقلیتی قائدین، مسجد کے ائمہ، اسکول اساتذہ اور کالج لیکچررز نے شرکت کی پرنسپل محترمہ ہیما لتا نے کہا کہ پانچویں جماعت میں کل 80 نشستیں دستیاب ہیں، جن میں 51 نشستیں مسلم مائنارٹیز، 5 کرسچن مائنارٹیز، ایک ایک نشست جین، بودھ اور سکھ طبقات کے لیے مختص ہے، جبکہ 10 نشستیں بی سی، 5 ایس سی، 3 ایس ٹی اور 2 نشستیں او سی طلبہ کے لیے رکھی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعتوں میں بیک لاگ خالی نشستوں کے لیے بھی مسلم مائنارٹی طلبہ درخواست دے سکتے ہیں۔ اجلاس میں مائنارٹی طلبہ کے داخلوں میں اضافے کے لیے قیمتی تجاویز پیش کی گئیں اور طلبہ کی ہمہ جہت تعلیمی و شخصی ترقی کے لیے پرنسپل اور اساتذہ کی کوششوں کی ستائش کی گئی۔ طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں غذائیت سے بھرپور اور صاف ستھرا کھانا، معیاری بنیادی سہولیات، جدید تعلیمی اور رہائشی انتظامات شامل ہیں۔ اس موقع پر اساتذہ کو ہدایت دی گئی کہ وہ طلبہ کی مسلسل رہنمائی اور حوصلہ افزائی جاری رکھیں۔اجلاس میں TMREIS کے ویژن پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی گئی، جس میں 100 فیصد نتائج، مکمل داخلے، ایم بی بی ایس، آئی آئی ٹی اور دفاعی خدمات میں داخلوں کے ساتھ ساتھ نیٹ اور آئی آئی ٹی کے لیے خصوصی کوچنگ کی سہولت فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔محترمہ بی ڈی بہومتی نے متحدہ میدک ضلع میں مائنارٹی داخلوں کو بڑھانے کے لیے ایڈمیشن کمیٹی سے مزید مؤثر اقدامات کرنے کی اپیل کی۔ پرنسپل نے بتایا کہ سو فیصد کامیابی کے ہدف کے تحت اساتذہ اور لیکچررز گھر گھر جا کر تشہیری مہم بھی چلا رہے ہیں۔آخر میں مسلم اور کرسچن مائنارٹیز سے اپیل کی گئی کہ وہ اس بہترین تعلیمی موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھیں۔