اقلیتی اقامتی اسکولوں اور جونیئر کالجس میں داخلوں کا شیڈول جاری

   

م31 مارچ تک آن لائین درخواستوں کا ادخال، اہلیتی امتحان سے داخلے، اے کے خان اور شفیع اللہ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 25 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کے اقلیتی اقامتی اسکولوں اور جونیئر کالجس میں داخلوں کے لیے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے۔ اقامتی اسکول سوسائٹی کے نائب صدرنشین اے کے خان ریٹائرڈ آئی پی ایس اور سکریٹری بی شفیع اللہ نے آج پریس کانفرنس میں اقلیتی اور غیر اقلیتی طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبہ سے آن لائین درخواستیں داخل کرنے کی اپیل کی ہے۔ مسلم، کرسچن، پارسی، جین، سکھ اور بدھسٹ کے علاوہ غیر اقلیتی طبقات میں ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور او سی طبقات کے طلبہ 204 اقامتی اسکولوں کی پانچویں جماعت میں داخلے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں اس کے علاوہ چھٹویں، ساتویں اور آٹھویں جماعتوں میں مخلوعہ نشستوں کے لیے بھی درخواست داخل کی جاسکتی ہیں۔ تعلیمی سال 2019-20کے تحت انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر میں انٹرنس ٹسٹ کی بنیاد پر داخلے دیئے جائیں گے۔ آف لائین درخواستیں متعلقہ اسکولس سے حاصل کرتے ہوئے انہیں راست طور پر پرنسپل کو دی جاسکتی ہیں۔ کسی بھی انٹرنٹ سنٹر سے اقامتی اسکولس اور جونیئر کالجس کے لیے درخواستیں ویب سائٹ tmreis.telangana.gov.in پر داخل کی جاسکتی ہیں اور اس کے لیے کوئی رجسٹریشن فیس نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ ہیلپ لائین سنٹر سے 040-23437909 سے ربط قائم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں 204 اقامتی اسکولوں میں 107 بوائز اور 97 گرلز کے لیے مختص ہیں جبکہ 12 اقامتی جونیئر کالجس میں بوائز 9 اور گرلز کے 3 ہیں۔ اقلیتوں کے لیے 75 فیصد نشستیں مختص رہیں گی جبکہ غیر اقلیتی طلبہ کے لیے 25 فیصد نشستیں ہوں گی۔ 5 تا 8 جماعت کے لیے 25 فروری تا 31 مارچ آن لائین درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ 5 ویں جماعت میں داخلے کے لیے 20 اپریل جبکہ 6 ویں، 7 ویں اور 8 ویں جماعت کے لیے 22 اپریل کو امتحان منعقد ہوگا۔ نتائج 2 مئی کو جاری کیے جائیں گے۔ سرٹیفکیٹس کی جانچ 3 تا 10 مئی انجام دی جائیں گی اور کلاسس کا یکم جون سے آغاز ہوگا۔ اے کے خان نے بتایا کہ جونیئر کالجس کے لیے 25 فروری تا 15 مارچ آن لائین درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ 13 اپریل کو انٹرنس ٹسٹ ہوگا جبکہ 2 مئی کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ 5 تا 15 مئی سرٹیفکیٹس کی جانچ ہوگی اور یکم جون سے کلاسس کا آغاز ہوگا۔ داخلوں کے لیے والدین کی سالانہ آمدنی دیہی علاقوں میں دیڑھ لاکھ اور شہری علاقوں میں دو لاکھ ہونی چاہئے۔ معذورین مسلح افواج اور ایکس سرویس مینس کے لیے آمدنی کی حد کا اطلاق نہیں ہوگا۔ آن لائین درخواستوں کے ادخال کے وقت امیدواروں کو تاریخ پیدائش، آدھار نمبر، آمدنی اور دیگر تفصیلات داخل کرنے ہوں گے۔ داخلے کے وقت بونافائیڈ سرٹیفکیٹ، آدھار کارڈ، انکم سرٹیفکیٹ، ایس سی ایس ٹی اور بی سی امیدواروں کے لیے کاسٹ سرٹیفکیٹ، معذورین کے لیے میڈیکل سرٹیفکیٹ اور دیگر اسنادات داخل کرنے ہوں گے۔ جونیئر کالجس میں داخلے کے لیے امیدوار کو ایس ایس سی امتحان منعقدہ مارچ اپریل 2019ء میں کم از کم 6.0 گریڈ کے ساتھ کامیاب ہونا ضروری ہوگا۔ امیدوار کی عمر 31 اگست 2019 تک 18 سال سے زائد نہ ہو۔ بی شفیع اللہ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے اقلیتوں کی تعلیمی پسماندگی کے خاتمے کے لیے اقامتی اسکولوں کا قیام عمل میں لایا ہے۔