اقلیتی اقامتی اسکولوں میں بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد 25 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکولوں میں بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ میڑچل میں تعمیر کئے جانے والے اقامتی اسکول کے احاطہ میں طلبہ کی جانب سے ہریتا ہرم پروگرام کے تحت بڑے پیمانے پر شجرکاری کی گئی۔ صدر اقامتی اسکول سوسائٹی اے کے خان، سکریٹری بی شفیع اللہ نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ اِس پروگرام میں حصہ لیا۔ ایک دن میں ریاست کے تمام 204 اقامتی اسکولوں اور جونیر کالجس میں ہریتا ہرم پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ اے کے خان نے کہاکہ ہریتا ہرم پروگرام اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام ہے جس کے ذریعہ ماحولیات کا تحفظ کیا جاسکتا ہے۔ شجرکاری سے نہ صرف گرینری میں اضافہ ہوگا بلکہ شہری اور دیہی علاقوں میں آلودگی کا خاتمہ ہوگا۔ اُنھوں نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی ستائش کی جو ہریتا ہرم پر خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ نے کہاکہ ہریتا ہرم پروگرام سے آنے والی نسلوں کو صاف اور آلودگی سے پاک ماحول فراہم کیا جاسکتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مستقبل میں بھی سوسائٹی کے تمام اسکولوں میں یہ پروگرام جاری رہے گا اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ شفیع اللہ نے کہاکہ شجرکاری کے بعد پودوں کے تحفظ کیلئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔