اقلیتی اقامتی اسکولوں میں داخلے کیلئے انٹرنس ٹسٹ کا انعقاد

   

Ferty9 Clinic

40 ہزار امیدواروں کی شرکت،چھٹویں تا آٹھویں جماعت کیلئے 22اپریل کو ٹسٹ

حیدرآباد۔/20 اپریل، ( سیاست نیوز ) تلنگانہ کے اقلیتی اقامتی اسکولوں کی پانچویں جماعت میں داخلوں کیلئے آج انٹرنس ٹسٹ منعقد ہوا۔ تمام 204 اقامتی اسکولوں میں صبح 11 تا 12 بجے دن ایک گھنٹہ ٹسٹ منعقد کیا گیا جس میں میرٹ کی بنیاد پر داخلے دیئے جائیں گے۔204 اقامتی اسکولوں میں 14,640 نشستوں کیلئے 40492 درخواستیں داخل کی گئی ہیں جبکہ چھٹویں تا آٹھویں جماعت میں 4345 دستیاب نشستوں کیلئے 8783 درخواستیں داخل کی گئیں جن کیلئے انٹرنس ٹسٹ 22 اپریل کو تمام اسکولوں میں منعقد کیا جائے گا۔ تلنگانہ میں اقامتی اسکول سوسائٹی کے تحت 107 بوائز اور 97 گرلز اقامتی اسکولس کام کررہے ہیں۔ اسی دوران صدر اقامتی اسکول سوسائٹی اور حکومت کے مشیر اے کے خاں نے صنعت نگر میں واقع اقامتی اسکول کا دورہ کرتے ہوئے انٹرنس ٹسٹ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اسکول اسٹاف اور انٹرنس ٹسٹ لکھنے والے امیدواروں سے بات چیت کی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اے کے خاں نے کہا کہ اقامتی اسکولوں میں داخلے کیلئے حوصلہ افزاء ردعمل دیکھا جارہا ہے۔ گزشتہ دو برسوں میں درکار نشستوں کے مطابق درخواستیں موصول ہوئی تھیں لیکن جاریہ سال نشستوں سے کہیں زیادہ درخواستیں وصول ہوئی ہیں لہذا انٹرنس ٹسٹ کے ذریعہ داخلوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ رجحان کو دیکھتے ہوئے آئندہ ہر سال انٹرنس ٹسٹ کے ذریعہ ہی داخلے دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں سالانہ 2 لاکھ اور دیہی علاقوں میں سالانہ دیڑھ لاکھ سے کم آمدنی والے خاندانوں کے طلبہ کو داخلے کی گنجائش ہے۔ اسکولوں میں 75 فیصد نشستیں اقلیتی طبقات کیلئے مختص ہیں جبکہ 25 فیصد نشستیں غیر اقلیتی طلبہ کیلئے ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ 204 اقامتی اسکولوں اور 12 جونیر کالجس میں طلبہ کیلئے بہتر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اچھی تعلیم و تربیت کے ذریعہ طلبہ کو دنیا کے کسی بھی حصہ میں مسابقت کے قابل بنایا جائے گا اور وہ خاندان اور ملک کا نام روشن کریں گے۔اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے عہدیداران سید لیاقت حسین، دلاور علی اور ایجوکیشن کنسلٹنٹ ایم اے لطیف نے دیگر مراکز کا دورہ کرتے ہوئے انٹرنس ٹسٹ کے انعقاد کا جائزہ لیا۔