اقلیتی اقامتی اسکولوں میں صحت و صفائی کے انتظامات کی ہدایت

   

حیدرآباد۔ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے کہا کہ ایس سی اور اقلیتی اقامتی اسکولوں میں یکم فروری سے نویں جماعت سے باقاعدہ کلاسیس کے آغاز کے انتظامات کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔ کے ایشور نے محکمہ سماجی بھلائی اور اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ اس کے علاوہ ضلع کلکٹرس سے ربط قائم کرتے ہوئے ایس سی اور اقلیتی اقامتی اسکولوں کے انتظامات 25 جنوری تک مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر کی ہدایت کے مطابق یکم فروری سے نویں جماعت سے طلبہ کیلئے باقاعدہ کلاسیس کا آغاز ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں گذشتہ 10 ماہ سے تعلیمی ادارے بند تھے اور آن لائن کلاسیس کا اہتمام کیا جارہا تھا۔ تعلیمی اداروں اور عوام کے اصرار پر حکومت نے نویں جماعت سے کلاسیس کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ کئی ریاستوں میں اسکولوں کی کشادگی عمل میں آچکی ہے۔