اقلیتی اقامتی اسکولوں میں معیاری تعلیم ، بہتر انتظامات

   

مفت قیام و طعام کی سہولت، طلبہ کی رہنمائی کرنے اقلیتی قائدین و علماء سے اپیل

نظام آباد :18؍ جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سکریٹری ٹمریز TMREIS بی شفیع اللہ کے بموجب تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکولس و کالجس میں تعلیمی سال 2023-24 کیلئے داخلوں کا آغاز ہوچکا ہے ۔ ٹمریز کے ویب سائٹ یا فون ایپ پر جماعت پنجم اور انٹرمیڈیٹ سال اول میں راست داخلے اور جماعت ششم VI ، ہفتم VII اور ہشتم VIII کے مخلوعہ نشستوں پر مفت آن لائن درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 30؍ جنوری مقرر کی گئی ہے ۔ انہوں نے آج ایک پریس نوٹ میں بتایا کہ ریاست بھر میں ٹمریز کے 204 اسکولس و کالجس میں معیاری تعلیم ، مفت تعلیم ، مفت قیام اور طعام کا معقول انتظام ہے ان اداروں میں نصابی تعلیم کے ساتھ مسابقتی کی کوچنگ فراہم کی جاتی ہے ۔ محمد عبدالبصیر ریجنل لیول کوآرڈنیٹر ( آر ایل سی ) و کاماریڈی نے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ متحدہ ضلع نظام آباد میں لڑکوں کیلئے 13 اسکولس و کالجس اور لڑکیوں کیلئے 10 اسکولس و کالجس میں داخلے جاری ہیں ۔ ان اداروں میں داخلے 2023-24 کیلئے جماعت پنجم اور دیگر جماعتوں میں بغیر انٹرنس ٹسٹ کے اقلیتی طلباء کو ’’First Come First Basic پہلے آئو پہلے پائو داخلہ ‘‘ کی بنیاد پر داخلہ دیا جائیگااور دیگر طبقات ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور او سی کیلئے قرعہ اندازی کے ذریعہ داخلہ ہوگا۔ جبکہ انٹرمیڈیٹ سال اول 2023-24 کیلئے ایس ایس سی کے مارکس ؍ گریڈ میرٹ کی بنیاد پر داخلہ دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں جماعت Vتا ہشتم تک طلباء کا انتخاب ، اسناد کی جانچ اور قطعی داخلے کی کارروائی 24؍ اپریل تا 29؍ اپریل مقرر کی گئی ہے جبکہ انٹرمیڈیٹ سال اول میں داخلہ کیلئے عارضی تواریخ یکم ؍ مئی تا 10؍ مئی طئے کی گئی ہے ۔ ٹمریز کے اداروں میں داخلے کیلئے اولیائے طلباء ، اقلیتی قائدین اور علماء حضرات سے اپیل کی جاتی ہے کہ خواہشمند و مستحق طلباء کی رہنمائی کریں تاکہ حکومت کی اس اسکیم سے استفادہ کرسکیں ۔ مزید تفصیلات کیلئے ہیلپ لائن نمبر 040-23437909 ، 9849419469 یا ٹمریز کے کسی بھی اسکول و کالج پرنسپل ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر یا آر ایل سی سے ربط قائم کرسکتے ہیں۔