سماجی فاصلہ کے ساتھ کلاسس ، اے کے خاں نے معائنہ کیا
حیدرآباد: تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے تمام اسکولوں میں نویں جماعت سے انٹرمیڈیٹ سکنڈ ایئر تک کی کلاسس کا آج سے آغاز ہوگیا۔ 10 ماہ کے بعد کورونا قواعد پر سختی سے عمل آوری کے ساتھ کلاسس کا آغاز کیا گیا ۔ طلبہ نے کلاسس کے آغاز کا خیرمقدم کیا ہے۔ اقامتی اسکول سوسائٹی کے صدر اور حکومت کے مشیر اے کے خاں نے گولکنڈہ بوائز I اور گولکنڈہ گرلز II اسکولوں کا معائنہ کیا اور احتیاطی تدابیر کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پرنسپال اور ٹیچنگ و نان ٹیچنگ اسٹاف کو ہدایت دی کہ طلبہ میں کورونا قواعد کے بارے میں شعور بیدار کیا جائے ۔ سماجی فاصلہ کی برقراری اور دیگر احتیاطی اقدامات کئے جائیں۔ اے کے خاں نے کلاس رومس ، ڈائننگ ہال کے علاوہ دیگر سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا قواعد کے مطابق کلاسس میں نشستوں کا انتظام کیا جائے ۔ اے کے خاں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے طلبہ اور ان کے سرپرستوں سے تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں بات چیت کی ۔ لاک ڈاون کے دوران آن لائین کلاسس پر طلبہ اور سرپرستوں کی رائے حاصل کی ۔ اے کے خاں نے کہا کہ طویل عرصہ کے بعد اسکولوں کی کشادگی پر انہیں مسرت ہے اور طلبہ اور ان کے سرپرست بھی خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ تمام طلبہ کو ماسک اور ہینڈ سینٹائزر فراہم کئے گئے ہیں۔ طلبہ کے لئے تغذیہ بخش غذاؤں کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ اسکولوں میں ہر سطح پر سماجی فاصلہ برقرار رکھا جانا چاہئے۔ اے کے خاں نے کہا کہ ایسے طلبہ جو آن لائین کلاسس میں دلچسپی رکھتے ہیں اور باقاعدہ کلاسس سے دور ہیں، ان کے لئے آن لائین کلاسس جاری رہیں گی۔