اقلیتی اقامتی اسکولوں کی تعمیر جلد مکمل کرنے کشن ریڈی کی ہدایت

   

مرکزی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ، حیدرآباد میں 29 کے منجملہ 9 اسکولوں کے تعمیری کام جاری
حیدرآباد 8 نومبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی نے حیدرآباد میں مرکز کے اشتراک سے تعمیر کئے جانے والے اقلیتی اقامتی اسکولوں کے کام جلد مکمل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ کشن ریڈی نے آج حیدرآباد میں مرکزی اسکیمات پر عمل کا جائزہ لیا ۔ رکن پارلیمنٹ ایٹالہ راجندر اور مختلف محکمہ جات کے عہدیدار شریک تھے ۔ اقامتی اسکولوں کی ذاتی عمارتوں کی تعمیر کیلئے مرکزی حکومت 60 فیصد جبکہ ریاستی حکومت 40 فیصد فنڈس جاری کرتی ہے۔ اسکیم کے تحت حیدرآباد میں 29 عمارتوں کی تعمیر کو منظوری دی گئی۔ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد محمد الیاس احمد نے بتایا کہ 9 اسکولوں کی تعمیر کا آغاز ہوچکا ہے جبکہ 7 اسکولوں کے کام اختتامی مراحل میں ہیں ۔ کشن ریڈی نے 20 اسکولوں کے تعمیری کاموں میں تاخیر پر سوال اٹھائے ۔ انہوں نے کہا کہ اسکولی عمارتوں کی عاجلانہ تعمیر یقینی بنائیں۔ پہاڑی شریف میں 8 اسکولی عمارتوں کو منظوری دی گئی تاہم ڈیفنس سے اعتراضات کئے گئے ۔ کشن ریڈی نے عہدیداروں سے کہا کہ ڈیفنس سے بات کرکے اس کا حل تلاش کریں ۔ پہاڑی شریف میں 6 اسکولی عمارتوں کی تعمیر کا جلد آغاز ہوگا۔ کوہیڈا میں 3 اور مامیڈی پلی میں 6 اسکولی عمارتوں کو منظوری دی گئی ہے۔ کشن ریڈی نے تعلیم ، صحت ، اسکل ڈیولپمنٹ ، سیول سپلائیز ، بہبودی خواتین و اطفال اور دیگر محکمہ جات کی اسکیمات کا جائزہ لیا ۔ پردھان منتری جن وکاس کاریکرم کے تحت اقلیتی اقامتی اسکولوں کی نئی عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔ ضلع ویلفیر آفیسر الیاس احمد نے اسکولوں کے بارے میں اجلاس میں رپورٹ پیش کی۔ 1
تلنگانہ میں 12 تا 14 نومبر بارش کا امکان
حیدرآباد/8 نومبر (یو این آئی) تلنگانہ میں 12، 13 اور 14 نومبر کو الگ الگ مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش یا بوندا باندی کی توقع ہے ۔محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ؑآج بتایا کہ آئندہ چار دنوں کے دوران ریاست میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے ۔گزشتہ 24گھنٹوںکے دوران ریاست میں موسم خشک رہا۔