کوویڈ قواعد پر عمل آوری اور تدریسی اسٹاف کیلئے ٹیکہ اندازی لازمی، وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور کی ہدایت
حیدرآباد۔ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے اقلیتی اور ایس سی طبقات کے اقامتی اسکولوں میں یکم جولائی سے کلاسیس کے آغاز پر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ دونوں اقامتی اسکول سوسائٹیوں کے عہدیداروں کو کے ایشور نے ہدایت دی کہ وہ کوویڈ قواعد پر سختی سے عمل آوری کو یقینی بنائیں تاکہ طلبہ کو کورونا وباء سے محفوظ رکھا جاسکے۔ اجلاس میں اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے سکریٹری بی شفیع اللہ ، سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم، ریاستی سکریٹری راہول بوجا، ایس سی اقامتی اسکول سوسائٹی کے سکریٹری ڈاکٹر آر ایس پروین کمار اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔ وزیر اقلیتی بہبود نے کہا کہ تلنگانہ کے اقامتی اسکولوں کی ملک بھر میں ستائش کی جاتی ہے کیونکہ یہاں عصری سہولتوں کے ساتھ مفت تعلیم کا انتظام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرنسپلس اور اساتذہ کو اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں کوئی غفلت نہیں کرنی چاہیئے۔ کورونا کی صورتحال قابو میں ضرور ہے لیکن احتیاط کا تقاضہ ہے کہ قواعد پر سختی سے عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ غریب خاندانوں کے اقلیتی اور ایس سی طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے مقصد سے چیف منسٹر نے اقامتی اسکولوں کا جال بچھایا ہے۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ پرنسپل، اساتذہ اور اسکول کے تمام دیگر ملازمین کیلئے کورونا ٹیکہ اندازی کو لازمی قرار دیا جائے۔ ہاسپٹل کے ہر گوشہ میں صحت و صفائی کے انتظامات کئے جائیں اور ضروری تعمیری و مرمتی کام فوری انجام دیئے جائیں۔ انہوں نے داخلوں کا عمل جلد مکمل کرنے اور نوٹ بکس، فرنیچر اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ہاسٹلوں میں درکار ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور طلبہ کیلئے تغذیہ بخش غذا کا انتظام رہے۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال میں بہتری کے نتیجہ میں چیف منسٹر نے اسکولوں اور کالجس کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ پرنسپلس اور اساتذہ کے ساتھ علحدہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے کوویڈ قواعد پر عمل آوری کی ہدایت دیں۔