ریونت ریڈی کا ٹوئٹ، سکریٹری سوسائٹی کے مکتوب پر سیاسی حلقوں میں ہلچل
حیدرآباد 17 فروری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے سرکاری اداروں اور محکمہ جات کو چیف منسٹر کی سالگرہ تقاریب کے انعقاد کی ہدایت دینے پر افسوس کا اظہار کیا۔ ٹوئٹر پر اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے سکریٹری کی جانب سے جاری کردہ مکتوب کو پوسٹ کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہاکہ برسر اقتدار پارٹی اقتدار کا بیجا استعمال کررہی ہے۔ ریونت ریڈی نے لکھا کہ ہم جمہوریت میں ہیں یا پھر جنگل راج میں جی رہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ عہدیداروں کی جانب سے چیف منسٹر کی ستائش حاصل کرنے کے لئے جو احکامات جاری کئے گئے ہیں اُس بارے میں کے سی آر کو وضاحت کرنی چاہئے۔ اُنھوں نے سوال کیاکہ سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی نے اپنی مرضی سے یہ احکامات جاری کئے یا پھر اُنھیں اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے ہدایت دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ 16 فروری کو سکریٹری سوسائٹی بی شفیع اللہ کی دستخط سے اقلیتوں اسکول سوسائٹی کے تمام اسکولوں اور جونیر کالجس میں 17 فروری کو چیف منسٹر کے سی آر کی سالگرہ تقاریب منانے کی ہدایت دی گئی۔ مکتوب میں تمام اداروں میں طلبہ اور سرپرستوں کے علاوہ ٹیچرس اور مقامی عوامی نمائندوں کے ساتھ سالگرہ تقاریب منانے کی ہدایت دی گئی جس میں چیف منسٹر کی تلنگانہ کی تشکیل اور اقامتی اسکولوں کے قیام کے علاوہ دیگر ترقیاتی کاموں کے لئے ستائش کرنے کا ایجنڈہ طے کیا گیا۔ سالگرہ تقاریب کے تحت مختلف پروگراموں کی بھی نشاندہی کی گئی۔ سکریٹری نے تقاریب کے لئے ہر اسکول اور کالج میں 10 ہزار روپئے تک خرچ کرنے کی اجازت دی جس میں خصوصی لنچ اور خصوصی مٹھائی تقسیم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بی شفیع اللہ کا یہ مکتوب نہ صرف سیاسی حلقوں میں بلکہ محکمہ اقلیتی بہبود میں موضوع بحث بن چکا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اقلیتی بہبود کے اعلیٰ عہدیداروں نے اِس بارے میں سکریٹری سوسائٹی سے وضاحت طلب کی ہے۔ ر