اقلیتی اقامتی اسکول میں بچوں کا داخلہ دلوائیں

   

سرپرستوں سے نارائن پیٹ اقلیتی ویلفیر آفیسر گوندراجن کی اپیل
نارائن پیٹ ۔ 23 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ ضلع کے اقلیتی اقامتی اسکول و جونیر کالجس میں آئندہ تعلیمی سال 2024-25 کے لئے داخلوں کے آغاز کے لئے گوندراجن نارائن پیٹ ضلع اقلیتی ویلفیر آفیسر کے ہاتھوں آج پوسٹر کی رسم اجرائی عمل میں لائی گئی۔ بعد ازاں موصوف گوندراجن نے عوام سے پریس نوٹ کے ذریعہ بتلایا کہ ریاستی حکومت تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکولس و جونیر کالجس میں داخلوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ اپنے بچوں کو جماعت پنجم تا انٹرمیڈیٹ میں داخلے دلوائیں۔ موصوف نے کہا کہ اقلیتی اقامتی اسکولس میں مفت میں قیام و طعام اور صحت کی نگہداشت کے ساتھ ساتھ معیاری تعلیم بذریعہ انگریزی میڈیم بہترین سہولت ہے۔ جن میں زبان اردو مسلم طلبہ کے لئے ایک مضمون اختیاری رہے گا۔ اخلاقی اقدار پر مبنی تعلیم کا نظم ہے۔ کھیل کود کے ذریعہ بچوں کی جسمانی نشونما پر خاص توجہ دی جائے گی۔ ان اقلیتی اقامتی اسکولس میں کئی طلباء اعلیٰ تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ موصوف نے اولیائے طلباء سے اپیل کی ہے کہ آن لائن داخلے رجسٹریشن جاری ہیں۔ پرنسپل خواجہ محبوب خاں نے عوام سے اولیائے طلباء سے اپیل کی ہیکہ ایک عدد فوٹو، آدھار کارڈ، گزشتہ سال کا تعلیمی بونافائیڈ اسکول میں داخل کرکے آن لائن رجسٹریشن مفت میں کروالیں۔ اس موقع پر وارڈن اسکول محمد کاظم حسین دیگر اساتذہ شریک تھے۔ پرنسپل کے فون نمبر 9441059387 پر ربط قائم کریں۔