اقلیتی اقامتی اسکول میں سمیت غذا سے 70 طلبہ متاثر

   

کلکٹر وقارآباد پوسمی باسو کا دورہ کوڑنگل اور طلبہ کو خوردونوش کی فراہمی سے متعلق آگاہی

کوڑنگل ۔ 16 ؍ فبروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میناریٹی ریسیڈنشیل اسکول کوڑنگل میں تقریباً 200 طلبا زیر تعلیم ہیں ۔ گذشتہ روز شام حسب معمول طعام سے فراغت کے بعد آرام کر رہے تھے کہ کچھ ہی دیر میں 70 طلبا نے اچانک پیٹ میں درد و قئے و اجابت وغیرہ کی شکایت کرنے لگے ۔ جنہیں مقامی لوگوں نے آٹو رکشاؤں ‘ موٹر سیکلوں وغیرہ کے ذریعہ دواخانہ سرکاری کوڑنگل سے رجوع کیا ۔ ڈاکٹر رویندرایادو کی نگرانی میں ضروری علاج کیا گیا ۔ ڈاکٹروں نے طلبا کی حالت مستحکم بتاتے ہوئے اسکول کو روانہ کر دیا گیا ۔ دواخانہ میں گذشتہ شب ایک بجے تک اولیاء طلبا کی گہماگہمی دیکھی گئی ۔ آج صبح کی اولین ساعتوں میںضلع کلکٹر وقارآباد پوسمی باسو نے اچانک دورہ کرتے ہوئے موضع بمرس پیٹھ کے موضع چلمل میلوار میں واقع میناریٹی ریسیڈنشیل اسکول کوڑنگل کا معائنہ کرتے ہوئے اشیائے خورونوش چاول ‘ دال ‘ تیل وغیرہ کا بہ نفس نفیس جائزہ لیا اور طلبا کو بہم پہنچائی جانے والی بنیادی سہولیات سے آگاہی حاصل کی ۔ پرنسپل کو انتباہ دیا کہ شخصی دلچسپی لیتے ہوئے طلباء کو صاف ستھری اور متوازن غذا کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔