سکریٹری ٹمریزبی شفیع اللہ کا خطاب ‘جینورمنڈل کا دورہ ‘ ایم بی بی ایس نشست حاصل کرنے والے طلبہ کو تہنیت
,کیرامیری 25/اکتوبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاستی محکمہ اقلیتی بہبود سیکرٹری وٹمریز سوسائٹی سکریٹری بی شفیع اللہ نے کہا کہ میناریٹی ریسڈینشل اسکولس کا اہم مقصد طلبہ کو بین الا قوامی معیار کی تعلیم فراہم کرنا ہے۔انہوں نے آج جینور منڈل کادورہ کرتے ہوئے مستقر میں واقع میناریٹی ریسڈینشل اسکول(گرلز)کا معائنہ کیا۔بعدازاں انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریاست بھر میں 205 اسکولوں میں طلباء کو کارپوریٹ سطح کی سہولیات فراہم کرتے ہوئے تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔مقامی لوگوں نے اقلیتی بہبودسیکرٹری سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مستقر کے میناریٹی ریسڈینشیل اسکول میں 230 طالبات زیر تعلیم ہیں۔جن کے لئے کے لیے واشرومس صرف 5ہیں جو بالکل ہی ناکافی ہے اور طالبات کوکافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مدرسہ ہذا میں آٹھویں جماعت جاری ہے اور آئندہ نویں جماعت کے لئے طالبات کو کلاس رومس کی قلت ہے۔ مقامی لوگوں نے مستقر جینور میں واقع گورنمنٹ اپرپرائمری اردواسکول کو اپ گریٹ کرنے اور مقامی مسائل کولیکر ایک یادداشت پیش کی۔جس پرمحکمہ اقلیتی بہبودسیکرٹری نے جلد از جلد مسائل کی یکسوئی کا تیقن دیا۔بعدازاں بی شفیع اللہ نے ضلع آصف آباد کے میناریٹی ریسڈینشل اسکولس و کالج میں تعلیم حاصل کرکے ایم بی بی ایس میں نشستیں حاصل کرنیوالے 3طلبہ کی شالپوشی کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی۔اس موقع پر ضلع محکمہ اقلیتی بہبود آفیسرآصف آباد ندیم قدوسی، ضلع اقلیتی بہبودافسر عادل آباد،آر ایل سی آصف آباد راجیندر،سابقہ ضلع پریشد معاون رکن سید ابو طالب، ممتاز بیابانی، فاضل بیابانی، سابقہ کوآپشن ممبر فیروز خان،سن رائز فونڈیشن صدر شیخ جمیل،ایم اے آزاد اسوسی ایشن صدرسید اسد علی، مولانا معراج ودیگر موجود تھے۔