کوویڈ قواعد پر عمل آوری ، قابل اساتذہ اور بہترین سہولیات ، نشستیں مخلوعہ : پرنسپل
نارائن پیٹ ۔ مسٹر بالانرسمہا سوامی پرنسپل اقلیتی اقامتی اسکول برائے ذکور نارائن پیٹ نے سیاست نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ یکم فروری سے اقامتی اسکول میں باضابطہ تعلیم و تدریسی کا آغاز عمل میں آیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جن طلباء نے اسکول میں داخلہ لیا ہے انہیں اپنے والدین یا سرپرستوں کی جانب سے رضامندی سرٹیفکیٹ کے علاوہ کوویڈ ٹسٹ رپورٹ بھی داخل کرنا ضروری ہوگا ۔ انہو ںنے طلباء اور اولیائے طلباء سے اپیل کی کہ وہ جلد از جلد اپنے بچوں کو جو اس سال داخلہ لئے ہیں اسکول روانہ فرمائیں ۔ مسٹر بالانرسمہا سوامی نے مزید بتایا کہ اقامتی اسکول کے باب الداخلہ پر ہی کوویڈ 19 کے قواعد کی پابندی کیلئے ایک کیمپ لگایا گیا ہے ۔ جو طلباء کو داخلہ کے وقت ماسک لگانے اور اپنے ہاتھوں کو سانیٹائزر یا صابن سے صاف کرنے کی ہدایت کرے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے اقلیتی طلباء کیلئیہ ان اقامتی اسکولوں میں بہترین تعلیم و تربیت کا انتظام کیا ہے جہاں قابل اساتذہ طلباء کیلئے بہترین غذا ، صاف ستھرا ماحول ، کشادہ کلاس رومس ، کھلا میداین ، آرام دہ رہائش گاہوں کے علاوہ مفت کتابیں ، یونیفارم و دیگر سہولتیں مہلیا کی ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فی الحال ،نویں اور دسویں جماعتوں میں تعلیم کا آغاز عمل میں لایا جارہا ہے ۔ نویں جماعت میں مزید نشستیں داخلہ کیلئے موجود ہیں۔ دسویں جماعت کے امتحانات حسب اعلان ماہ مئی 2021 میں منعقد ہوں گے ۔ مزید تفصیلات کیلئے سیل نمبرات 9550566752/ 9059339900 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے ۔