مٹ پلی /10 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ اقلیتی اقامتی انگلش میڈیم بوائز ہائی اسکول جونئیر کالج مٹ پلی میں ایم ایل اے ڈاکٹر کلواکنٹلہ سنجے کمار نے اچانک دورہ کیا ۔ اس دوران انہوں نے پرنسپل کنکم تروپتی کے علاوہ انٹر و جماعت دہم کے طلباء سے تعلیمی حالات ، طلباء کا طعام و پانی کے مسائل کے بارے میں واقفیت حاصل کرتے ہوئے متعلقہ برقی عہدیداران سے فون پر ربط پیدا کرتے ہوئے برقی کی ترسیل میں کٹوتی نہ کی جانے کی بات کی اور مزید متعلقہ مسائل کی یکسوئی کئے جانے کا تیقن دیا۔ اس موقع پر ایم پی پی مارو سائی ریڈی تدریسی وغیر تدریسی عملہ نعیم النساء بیگم ، شیرین فاطمہ یادگیری وشوا تیجہ ، محمد عبدالعزیز ، محمد سراج الدین ، عبدالحمید ، محمد علی متین ، شیخ عامر ، عبدالرشید ، نریندر اے سپتاگری ، گجالہ نرسیا ، راجیش الم ، شروتی سمالتا بھارتی باکوری سمیتی محمد امین الدین ، عبدالمقیم ، محمد مختار ، محمد شاہد اور دیگر نے اپنا تعاون پیش کیا ۔
گجویل میں نئے قوانین کے بارے میں شعور بیداری پروگرام
گجویل /10 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ گجویل کے رائے پور منڈل کے موضع وڈے پلی میں موجود ضلع پریشد ہائی اسکول میں توگٹہ پولیس کے اشتراک سے منعقد کئے گئے ریاستی اور مرکزی حکومتوں کی جانب سے نکالے گئے نت نئے قوانین کے بارے میں ایک پروگرام میں توگٹہ سرکل انسپکٹر مسٹر محمد لطیف نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کہا کہ عوام بالخصوص دیہی عوام کو حکومت کی جانب سے نکالے جانے والے قوانین کے بارے میں جانکاری حاصل کرنا ضروری ہے ۔ پولیس سرکل انسپکٹر محمد لطیف نے اس موقع پر اسکول کے طلبہ میں مرکزی حکومت کی جانب سے جاریہ ماہ کی یکم جولائی سے نافذ کردہ نئے قوانین کے بارے میں تفصیلی جانکاری سے روشناس کروایا ۔