اقلیتی اقامتی جونئیر کالجس میں 840 لیکچررس کے تقررات کا اعلان

   

Ferty9 Clinic

کل تک درخواستیں داخل کرنے کا موقع ‘ 16 اگسٹ کو تحریری ٹسٹ
حیدرآباد 31 جولائی ( سیاست نیوز ) تلنگانہ اقلیتی اقامتی تعلیمی ادارہ جات سوسائیٹی نے 111 تلنگانہ اقلیتی اقامتی جونئیر کالجس میں جونئیر لیکچررس کی 840 جائیدادوں پر تقرر کا اعلان کیا ہے ۔ تعلیمی سال 2021-22 کیلئے یہ تقررات کئے جائیں گے ۔ سوسائیٹی نے 12 تلنگانہ اقلیتی اقامتی ووکیشنل جونئیر کالجس کیلئے 85 ووکیشنل جونئیر لیکچررس کے تقررات کا بھی اعلان کیا ہے ۔ ان ادارہ جات کو ریاستی حکومت نے حال ہی میں اسکولس سے جونئیر کالج کی حیثیت سے اپ گریڈ کیا گیا ۔ ان اداروں میں تقررات آوٹ سورسنگ ایجنسیوں کے ذریعہ کئے جائیں گے ۔ اسکے مطابق ہی سوسائیٹی نے ان اداروں میں تقررات کی گائیڈ لائینس جاری کی ہیں۔ جو رہنما خطوط جاری کئے گئے ان میں کہا گیا کہ تقررات خالصتا عارضی بنیادوں پر آوٹ سورسنگ ایجنسیوں سے ہونگے ۔ جب کبھی باقاعدہ تقررات باقاعدہ رکروٹمنٹ طریقہ کار کے مطابق ہونگے یا ریگولر جونئیر لیکچررس کے تبادلے ہونگے آوٹ سورسنگ اسٹاف کی خدمات ختم ہوجائیں گی ۔ کہا گیا ہے کہ درخواست گذاروں کا پوسٹ گریجویٹ ( ایم اے ‘ ایم ایس سی ‘ ایم کام ) ہونا ضروری ہے یا پھر متعلقہ مضمون میں مماثل تعلیمی قابلیت رکھنی ہوگی ۔ ان کے نشانات 50 فیصد سے کم نہیں ہونے چاہئیں۔ جونئیر لیکچررس کے تقررات میں بی ایڈ کے مماثل ڈگری بھی این سی ٹی ای سے مسلمہ ادارہ سے رکھنی ہوگی ۔ کم از کم تین سال کا تجربہ گیارہویں اور بارہویں جماعت کو تدریس کا ہونا چاہئے ۔ ووکیشنل جونئیر لیکچررس کیلئے درخواست داخل کرنے والوں کیلئے ووکیشنل کلاسیس کا تین سال کا تجربہ ہونا چاہئے ۔ جونئیر لیکچررس کا تقرر ایک تحریری امتحان کی بنیاد پر ہوگا جو 16 اگسٹ کو 10 بجے دن تا ایک بجے دن ہوگا ۔ ووکیشنل لیکچررس کیلئے ٹسٹ 6 اگسٹ کو ہوگا ۔ اس کے بعد 12 اور 13 اگسٹ کو اور 25 تا 27 اگسٹ انٹرویوز ہونگے ۔ تحریری ٹسٹ 100 نشانات کا اور انٹرویو 50 نشانات کا ہوگا۔ خواہشمند اپنی درخواستیں ضلع کلکٹر کی جانب سے منتخبہ آوٹ سورسنگ ایجنسی کو 2 اگسٹ تک پیش کرنی ہونگی اور آخری تاریخ میں جونئیر لیکچررس کے عہدوں کیلئے توسیع بھی کی جاسکتی ہے ۔ فہرست کے مطابق انگلش کے 111 ‘ اردو کے 111 ‘ تلگو کے 111 ‘ ریاضی کے 80 ‘ فزکس کے 63 ‘ کیمسٹری کے 63 باٹنی کے 63 ‘ زوالوجی کے 63 تاریخ کے 31 ‘ معاشیات کے 48 ‘ سیوکس کے 48 اور کامرس کے 48 لیکچررس کی جائیدادیں ہیں۔