حیدرآباد۔/23 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سکریٹری اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ نے کہا کہ اقامتی جونیر کالجس سے تعلق رکھنے والے 5 طلباء نے گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں پہلے راؤنڈ کی کونسلنگ میں میڈیکل سیٹ حاصل کرتے ہوئے تاریخ رقم کی ہے۔ مزید طلباء کو دوسرے راؤنڈ کی کونسلنگ میں ایم بی بی ایس نشست حاصل ہونے کا امکان ہے۔ پہلے مرحلہ میں جن طلباء کو ایم بی بی ایس میں داخلہ حاصل ہوا ان میں محمد پرویز گورنمنٹ میڈیکل کالج کھمم، طاہر شریف گورنمنٹ میڈیکل کالج کھمم، گوتم راج گورنمنٹ میڈیکل کالج راما گنڈم ، زینب ذونیرہ گورنمنٹ میڈیکل کالج محبوب آباد اور محمد شریف کو گورنمنٹ میڈیکل کالج محبوب نگر میں داخلہ حاصل ہوا۔ محمد پرویز اقامتی جونیر کالج بارکس کے طالب علم ہیں، ان کے والد ترکاری فروش ہیں اور ٹمریز کی جانب سے نیٹ کی کوچنگ حاصل کرتے ہوئے ایم بی بی ایس میں داخلہ حاصل کیا۔ خاندان کی کمزور معاشی حالت کے باوجود محمد پرویز نے محنت کی۔ طاہر شریف اقامتی جونیر کالج بارکس کے طالب علم ہیں جن کے والد میستری ہیں، انہوں نے امتحان کی تیاری میں اساتذہ کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور اور حکومت کے مشیر اے کے خاں نے ایم بی بی ایس میں داخلہ حاصل کرنے والے طلباء کو مبارکباد پیش کی۔ سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ نے طلباء کو مبارکباد پیش کرنے کے علاوہ چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے غریب اقلیتی طلباء کو معیاری تعلیم کیلئے اقامتی اسکولس اور جونیر کالجس قائم کئے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے نیٹ اور آئی آئی ٹی کی کوچنگ کے نتیجہ میں طلباء کو ایم بی بی ایس اور انجینئرنگ میں تعلیم کے مواقع حاصل ہوئے۔
