153 کروڑ روپئے درکار وزیر فینانس ہریش راؤ سے نمائندگی ، ستمبر کے پہلے ہفتہ میں اجرائی ممکن
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : اقلیتوں کی صد فیصد سبسیڈی امدادی اسکیم کے تحت ریاست میں دوسرے مرحلے کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں ۔ تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن نے 14,300 اقلیتوں میں فی کس ایک لاکھ روپئے تقسیم کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔ قواعد پر سختی سے عمل آوری کرنے کی ڈسٹرکٹ کلکٹرس اور ڈسٹرکٹ مینارٹیز ویلفیر آفیسرس کو احکامات جاری کردئیے گئے ۔ 153 کروڑ روپئے جاری کرنے کی حکومت سے نمائندگی کی گئی ہے ۔ صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحاق نے بتایا کہ اقلیتوں کی صد فیصد سبسیڈی اسکیم کا پہلا مرحلہ کامیابی کے ساتھ انجام پاچکا ہے ۔ پہلے مرحلے کی اسکیم کے لیے حکومت نے 100 کروڑ روپئے جاری کیا تھا جس کے ذریعہ ریاست بھر میں 10 ہزار اقلیتوں میں 19 اگست کو فی کس ایک لاکھ روپئے کے چیکس تقسیم کئے گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے 119 اسمبلی حلقوں کے لیے فی حلقہ 120 اقلیتوں میں ایک لاکھ روپئے کی سبسیڈی رقم تقسیم کی گئی ہے ۔ دوسرے مرحلے کے دوران ریاست بھر میں 14,300 اقلیتوں میں امدادی رقم تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ جس کے لیے 153 کروڑ روپئے کی ضرورت ہے ۔ وہ اس سلسلہ میں وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے 153 کروڑ روپئے جاری کرنے کی نمائندگی کرچکے ہیں ۔ جس پر انہوں نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ فینانس کو ہدایت دی ہے کہ وہ کارپوریشن کو درکار فنڈز جلد از جلد جاری کریں ۔ ہریش راؤ نے ریاست بھر میں پہلے مرحلے کی اسکیم پر کامیابی سے عمل آوری کرنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے تمام ارکان اسمبلی سے رابطہ میں رہتے ہوئے کام کرنے کا امتیاز اسحاق کو مشورہ دیا ۔ ہریش راؤ نے انہیں بتایا کہ پہلی مرتبہ کارپوریشن کی جانب سے اقلیتوں کے لیے بڑے پیمانے پر فائدہ پہونچایا جارہا ہے ۔ صدر نشین امتیاز اسحاق نے کہا کہ دوسرے مرحلے کی امدادی رقم ستمبر کے پہلے ہفتہ میں جاری کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ حکومت سے فنڈز کی اجرائی کے فوری اقلیتوں کی امدادی رقم جاری کردی جائے گی ۔ جس کے لیے تمام تیاریاں تقریبا مکمل کرلی گئی ہیں ۔۔ ن
