3 اکٹوبر سے 10 ہزار اقلیتوں میں فی کس ایک لاکھ روپئے کے چیکس کی تقسیم ۔ امتیاز اسحق
حیدرآباد ۔ 30 ستمبر (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحق نے اقلیتوں کی صدفیصد مالیاتی اسکیم کے دوسرے مرحلہ کیلئے حکومت کی جانب سے 100 کروڑ جاری کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر سے اظہارتشکر کیا اور کہا کہ 3 اکٹوبر سے 10 ہزار استفادہ کنندگان میں چیکس تقسیم کرنے کا آغاز کیا جائے گا۔ امتیاز اسحق نے بتایا کہ اقلیتی امداد سے متعلق دوسری قسط کی اجرائی کیلئے 153 کروڑ روپئے جاری کرنے کا حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے محکمہ فینانس کو تجاویز روانہ کی گئی تھی۔ ہریش راؤ نے فوری 100 کروڑ روپئے جاری کیا ہے۔ ماباقی 53 کروڑ روپئے عنقریب جاری کرنے کا تیقن دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی امدادی اسکیم کے تحت غریب و مستحق 40 ہزار اقلیتوں میں فی کس ایک لاکھ روپئے کے چیکس تقسیم کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ تاحال 200 کروڑ روپئے جاری ہوچکے ہیں۔ پہلے مرحلہ میں 10 ہزار اقلیتوں میں چیکس تقسیم کئے گئے۔ دوسرے مرحلہ میں مزید 10 ہزار اقلیتوں میں چیکس تقسیم کرنے کیلئے اضلاع سے رپورٹس حاصل کرلی گئی ہے۔ ریاست کے تمام 119 اسمبلی حلقوں سے ارکان اسمبلی نے ناموں کی سفارش کی ہے۔ ضلعی کلکٹرس اور ڈسٹرکٹ مائناریٹی ویلفیر آفیسرس نے قطعی فہرست کو قطعیت دے دی ہے۔ دوسرے مرحلہ کی اسکیم کیلئے فنڈز کی اجرائی کیلئے ریاستی وزراء محمد محمود علی، کے ایشور اور مجلس کے قائد مقننہ اکبرالدین اویسی نے بھی اہم رول ادا کیا ہے۔ صدرنشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن نے بتایا کہ اقلیتی خواتین میں سلوائی مشین کی تقسیم کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ریاست کے تمام اسمبلی حلقوں میں مقامی ارکان اسمبلی اس اسکیم کیلئے خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ 25 ہزار اقلیتی خواتین میں سلوائی مشین تقسیم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر اقلیتوں کے ہمدرد ہے۔ تلنگانہ میں اقلیتوں کیلئے جو اسکیمات متعارف کرائی گئی ہے اس کی ملک بھر میں نظیر نہیں ملتی۔ن